Live Updates

نواز زرداری گٹھ جوڑ عوام کی محرومیوں میں اضافہ کر رہا ہے ،حکمران عمران خان کے سوالوں کا جواب دیں ‘ عبدالعلیم خان،

حکومت لوٹ مار کرنے والے ”پانچ پیاروں “کے سہاروں پر قا ئم ہے ‘ صدر تحریک انصاف لاہور کا ضلعی آفس میں خطاب

جمعہ 20 فروری 2015 23:21

لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 20 فروری 2015ء ) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ خود ساختہ مفاہمت کے نام پر ہونے والا نواز زرداری گٹھ جوڑ در حقیقت عوام کی محرومیوں میں اضافہ کر رہا ہے دونوں جماعتیں کسی بھی قیمت پر بلدیاتی ادارے بحال نہیں کرنا چاہتے ،اعلیٰ عدالتوں کے احکامات کے باوجود پنجاب اور سندھ کی حکومتیں لوکل باڈیز کے الیکشن کیلئے کسی قسم کی پیش رفت نہیں کر رہیں جس کے باعث مقامی سطح پر عام آدمی کو در پیش مسائل کا کوئی پرسان حال نہیں ۔

عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی لاہور کے ضلعی آفس میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت "پانچ پیاروں "کے سہارے پر قائم ہے جنہوں نے خود ہی کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران 40 کروڑ ڈالر دبئی منتقل کرنے سمیت عمرا ن خان کے سوالوں کا جواب دیں اور قوم کو اُس حقیقت حال سے آگاہ کریں جس پر انہوں نے پردہ پوشی کر رکھی ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج لوگوں کو شدت سے پی ٹی آئی کے دھرنے اور عمران خان کے احتجاج کی یاد ستا رہی ہے جس کے دباؤ کے باعث حکومت کسی حد تک عوامی مسائل کے حل کیلئے کام کرتی تھی اب صرف ایک ماہ کے بعد ہی پٹرول کی قیمتو ں میں اضافہ کی خبریں گردش کرنا شروع ہوگیں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ اپنی تیاریاں رکھیں کسی وقت بھی عمرا ن خان کی کال پر دوبارہ زندہ دلان لاہور سڑکوں پر ہونگے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت اپنی جعلی کارکردگی کے باعث عوام کا سامنا کرنے سے خوف زدہ ہے اسی لیئے ضمنی الیکشن میں بھی پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو ساتھ ملانے کیلئے سازشیں ہو رہی ہیں لیکن جہا ں بھی ضمنی انتخابات ہونگے حکمرانوں کو وہا ں منہ کی کھانی پڑے گی ، انتخابی دھاندلی سے متعلق الیکشن ٹربیونل کی کاروائی کو بھی اسی لیئے التواء میں رکھا جا رہا ہے کہ اصل صورتحال سامنے نہ آسکے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی کے مصداق جلد ہی حکومت کی رخصتی ہونا ہے اور عوام کے اصل مینڈیٹ کے مطابق انشاء اللہ عمران خان اور ان کی ٹیم قومی مسائل کے حل کیلئے آگے آئے گی اس موقع پر تحریک انصاف کے ضلعی عہدیدار شعیب صدیقی ،جمشید اقبال چیمہ ،میاں حامد معراج ،ظہیر عباس کھوکھر ،ڈاکٹر شاہد صدیق ،سیکر ٹری اطلاعات فرخ جاوید مون ،سید راشد ریاض ،ثانیہ کامران اور سارہ احمد بھی موجود تھیں ،جبکہ پارٹی کارکنوں نے زبردست جوش خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے نعرے بازی بھی کی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات