خواتین کو موروثی جائیداد منتقل کرنیکی غیر ضروری تاخیر اور غفلت پر مزید5 تحصیلدار معطل

جمعہ 20 فروری 2015 23:17

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 20 فروری 2015ء ) خواتین کو موروثی جائیداد منتقل کرنے کی غیر ضروری تاخیر اور غفلت کا مرتکب ہونے پر 5 تحصیلداروں کو فوری طور پر معل کرکے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف نے ان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مستنصر حسین گل گوجر خان،سعادت نواز عیسیٰ خیل،میاں محمد اکرم میانوالی،انعام الحق جھنگ اور احمد حسن جام پورکے تحصیلداران کو بروقت حکومتی ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے حیل وحجت کا مظاہرہ کرنے اورغلط حکمت عملی اپنانے پر ان کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے جبکہ قبل ازیں تین دیگر تحصیلداران رانا محمد یوسف ساہیوال، غلام مصطفے کریم ڈی جی خان اور راجہ حمید اختر اٹک کو پہلے ہی خواتین کو موروثی جائیداد منتقل کرنے کی تاخیر کی نبا پر معطل کیا جا چکا ہے۔

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں اور محکمہ کے قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے والے ریونیو افسران کو ان کی غفلت کی بنا پر کسی طور معاف نہیں کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں صوبہ بھر میں کسی بھی فرد کو شکایت ہے تو وہ براہ راست محکمہ ریونیو سے رابطہ کرکے اپنی شکایات کا ازالہ کر سکتا ہے۔