شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 5 دہشتگرد ہلاک ، ایک اہلکار شہید

جمعہ 20 فروری 2015 23:13

دتہ خیل/راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 20 فروری 2015ء) شمالی وزیرستان میں پاک فوج کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری، شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک، جھڑپ کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک فوج کا دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کامیابی سے اپنے پلان کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے مقابلے میں 5شدت پسند ہلاک کر دیئے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہو گیا۔واضح رہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے شمالی وزیرستان کا بیشتر علاقے کو ناپاک دہشت گردوں سے کلیئر کرالیا ہے اور چند دن قبل پاک فوج کے ترجمان عاصم باجوہ نے مارچ میں ان علاقوں میں آئی ڈی پیز کی بحالی کا سلسلہ شروع کرنے کااعلان کیا تھا۔