سینیٹ کے انتخابات بارے پیپلزپارٹی ،ایم کیو ایم ، (ن)لیگ سے ہمارے رابطے ہیں،جام مدد علی،

بات چیت کیلئے ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں،پیپلزپارٹی اور اتحادی جماعتیں بلامقابلہ انتخاب چاہتی ہیں تو ہمارا حق ہمیں دیں،رہنما مسلم لیگ (ف)

جمعرات 19 فروری 2015 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19فروری۔2015ء) مسلم لیگ (فنکشنل) کے مرکزی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی نے کہا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات کے حوالے پیپلزپارٹی ،متحدہ قومی موومنٹ اور مسلم لیگ (ن) سے ہمارے رابطے ہیں اور بات چیت کے لیے ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں ۔پیپلزپارٹی اور اس کی اتحادی جماعتیں بلامقابلہ انتخاب چاہتی ہیں تو ہمارا حق ہمیں دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو صوبائی الیکشن کمیشن آف سندھ میں کاغذات نامزدگی جمع ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دو امیدوار جنرل نشستوں پر ہیں اور ان کے کاغذات منظور ہوگئے ہیں ۔ان میں سے اصل امیدوار امام الدین شوقین ہیں اور محمد بخش خاصخیلی متبادل امیدوار ہیں ۔

(جاری ہے)

ہمیں اللہ کی ذات سے امید ہے کہ ہمارے امیدوار کامیاب ہوں گے ۔

ہم نے اپنی عددی پوزیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے امیدوار سامنے لائے ہیں ۔اگر ہم بلیک میلنگ چاہتے تو خواتین اور ٹیکنو کریٹس کی نشستوں پر بھی امیدوار کھڑے کرسکتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ چند روز قبل پیپلزپارٹی کے مختلف رہنماوٴں نے وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (فنکشنل) کے صوبائی صدر پیر صدر الدین شاہ راشدی سے ملاقات کی اور رابطے اب بھی جاری ہیں تاہم کوئی حتمی بات چیت نہیں ہوئی ہے ۔

ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں اور جنرل نشست حاصل کرنا ہمارا حق ہے ۔پیپلزپارٹی تعاون کرے گی تو ہم بھی تعاون کریں گے ۔اگر الیکشن ہوئے تو سب سے زیادہ نقصان پیپلزپارٹی کو ہوگا ۔ہمارے مرکزی رہنما صدر الدین شاہ راشدی کے ن لیگ سے آج بھی رابطے ہیں اور امید ہے کہ ن لیگ بھی ہمارے امیدوار کی حمایت کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :