(ن)لیگ کی حکومت پر قبل از وقت دھاندلی کے الزامات سیاسی مخالفین کا اعتراف شکست ہے، حکومت کسی دباؤ میں آئے بغیر عظیم تر قومی مفادات کے فیصلوں پر عمل درآمد جاری رکھے گی، گلگت بلتستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات پارٹی کی اہم ترجیح ہے،

مسلم لیگ(ن) سندھ کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر کا بیان

جمعرات 19 فروری 2015 23:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19فروری۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے انتہائی تجربہ کار، قابل اور دیانت دار رہنما کی بطور گورنر گلگت بلتستان تقرری صوبے میں جمہوری روایات کے استحکام کا سبب بنے گی․ گلگت بلتستان کے گورنر کی تقرری پر تنقید کرنے والوں کو اپنا عہد حکومت اور اپنی تقرریاں بھی یاد رکھنی چاہئیں․ وزیر اعظم کے تجربے اور قابلیت کو چیلنج کرنے والوں کے پیدا کردہ مسائل کی وجہ سے نوبت ایپکس کمیٹیوں تک پہنچی ہے۔

جمعرات کواپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتیں ملک و قوم کے مفادات کی سیاست کرتیں تو آج صورتحال کہیں مختلف ہوتی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت پر دباؤ بڑھانے والے اپنے ارادوں میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے․ گلگت بلتستان کے گورنر کی تعیناتی وزیر اعظم پاکستان کا آئینی اختیار ہے اسے متنازعہ بنانے کے پس پردہ مقاصد کچھ اور ہیں․ ماضی کی روایات سے نا بلد رہنماؤں کی تنقید بے وقت کی راگنی ہے․ مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے گلگت بلتستان کے گورنر کی تقرری کے حوالے سے جاری تنقیدی بیانات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جوں جوں سینیٹ کے انتخابات کا وقت قریب آ رہا ہے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو سیاسی دباؤ میں لانے کی کوششوں میں تیزی آگئی ہے․ ایک طرف گوادر کاشغر روٹ کو بنیاد بنا کر سیاسی مفادات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تو دوسری طرف گورنر گلگت بلتستان کی تقرری پر بیانات کی توپیں چلائی جا رہی ہیں․ وزیر امور کشمیر کو گورنر تعینات کرنا کسی طور بھی غیر آئینی یا غیر جمہوری اقدام نہیں․ برجیس طاہر جیسے تجربہ کار اور محترم شخصیت کا تقرر گلگت بلتستان کے عوام کے لئے مثبت نتائج اور ترقی کا باعث بنے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت پر قبل از وقت دھاندلی کے الزامات سیاسی مخالفین کا اعتراف شکست ہے جس کا غصہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت پر نکالا جا رہا ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کے بھرپور مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آئی ہے اور ملک کے عوام کی خدمت کے لئے کسی دباؤ میں نہیں آئے گی․ سینیٹ کے انتخابات پر اثر انداز ہونے اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ممکنہ اکثریت کا راستہ روکنے کے لئے تواتر کے ساتھ ایسے بیانات دئے جا رہے ہیں لیکن پاکستان مسلم لیگ(ن) کسی دباؤ میں آئے بغیر عظیم تر قومی مفادات کے فیصلوں پر عمل درآمد جاری رکھے گی․ گلگت بلتستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات پاکستان مسلم لیگ(ن) کی اہم ترجیح ہے ․ جارحانہ بیانات کے ذریعے گلگت بلتستان کے انتخابات کو من پسند نتائج میں تبدیل کرنیکی کوششوں کی بھرپور مزاہمت کی جائے گی ․ گلگت بلتستان کے عوام اپنے صوبے کی ترقی کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی طرف دیکھ رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کا صوبہ بھی وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی کرشماتی قیادت میں ترقی کی نئی منزلیں طے کرے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت کو دباؤ میں لانے کی کوششیں کسی صورت کامیاب نہیں ہو سکیں گی۔

متعلقہ عنوان :