کراچی پولیس میں سیاسی بھرتیوں پر پابندی عائد ہونی چائیے،عبدالرحمن ملک،

متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلزپارٹی ایک ہیں،خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغانستان پاکستان کے ساتھ تعاون نہیں کررہا ہے ،دہشت گردوں کے دونوں چیفس ملا فضل اللہ اور ملا فقیر محمد وہاں پر موجود ہیں۔میڈیا سے گفتگو

جمعرات 19 فروری 2015 22:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19فروری۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ عبدالرحمن ملک نے کہا ہے کہ کراچی پولیس میں سیاسی بھرتیوں پر پابندی عائد ہونی چائیے،متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلزپارٹی ایک ہیں،خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغانستان پاکستان کے ساتھ تعاون نہیں کررہا ہے ،دہشت گردوں کے دونوں چیفس ملا فضل اللہ اور ملا فقیر محمد وہاں پر موجود ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو الیکشن کمیشن آف سندھ کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔عبدالرحمن ملک نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل اور آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل نے افغانستان کا بروقت دورہ کیا ہے اور افغانستان پر دہشت گردوں کی گرفتاری اور انہیں پاکستان کے حوالے کرنے کے لیے دباوٴ بڑھانے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

اب اگر افغانستان پاکستان کا ساتھ دے تو جلد دہشت گردی پر قابو پایاجاسکتا ہے ۔عبدالرحمن ملک نے کہا کہ دہشت گردی خطے میں ایک کاروباری شکل اختیار کرگئی ہے ۔اس کو سب مل کر کنٹرول کرسکتے ہیں ۔پیپلزپارٹی دہشت گردی کے مقابلے کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلزپارٹی ایک ساتھ کھڑے ہیں اور ان کا یہ اتحاد اور مفاہمت کی پالیسی جاری رہے گی ۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ملک میں پولیس ریفارمز کی ضرورت ہے ۔عبدالرحمن ملک نے کہا کہ شیعہ قوم کی بہادری اور جرات پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں اور میں مشورہ دیتا ہوں کہ پوری قوم شیعہ قوم کے ساتھ یوم یکجہتی منائے ۔ملک سے دہشت گردی اور منافرت کے خاتمے کی ضرورت ہے ۔اس پر حکومت کو عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔