وزیراعظم اوروزیراعلیٰ پنجاب عوام کے معاشی مسائل سے پوری طرح باخبر ہیں، میاں محمد فاروق،

خود ساختہ وبلاجواز مہنگائی کے انسداد کیلئے موثراقدامات کے نتیجہ میں سبزیوں،پھلوں و دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا واضح فرق پڑا ہے،رکن قومی اسمبلی

جمعرات 19 فروری 2015 22:39

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19فروری۔2015ء) مسلم لیگ رہنماو ایم این اے میاں محمدفاروق نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمدنوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف عوام کے معاشی مسائل سے پوری طرح باخبر ہیں اور خود ساختہ وبلاجواز مہنگائی کے انسداد کے لئے موثراقدامات کے نتیجہ میں سبزیوں،پھلوں ودیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا واضح فرق پڑا ہے ۔

ڈی سی اونورالامین مینگل نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی ہے کہ بازاروں اورمارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں باقاعدگی سے چیک کریں اور بے جا اوربلاجوازمہنگائی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے یہ ہدایت ماڈل بازار کے دورہ کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں،معیاراورمقدار کاجائزہ لیتے ہوئے جاری کی۔

(جاری ہے)

ایم این اے میاں محمدفاروق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈی سی او نے ماڈل بازار میں گوشت،سبزیوں،پھلوں،دالوں اورکریانہ کی دیگر اشیاء کے سٹالزپرپرائس کارڈز چیک کئے اور خریداری میں لوگوں کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہتر انتظامات اورقیمتیں مناسب ہونے کے باعث صارفین خریداری کے لئے سستے بازاروں کا رخ کررہے ہیں۔انہوں نے انتظامی افسران سے کہا کہ وہ باقاعدگی سے مختلف سٹالز پر اشیاء کی قیمتوں کو چیک کریں اور ہمہ وقت معیاری اشیاء کی دستیابی کویقینی بنایا جائے۔

انہوں نے خریداری کے لئے آئے ہوئے شہریوں سے اشیاء کے معیار اورقیمتوں سے متعلق بھی دریافت کیا۔ایم این اے میاں محمدفاروق نے ماڈل بازار میں صارفین کو ایک چھت تلے ضرورت زندگی کی تمام اشیاء کی موجودگی کویقینی بنانے کے سلسلے میں ڈی سی اونورالامین مینگل کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کی گرانفروشوں کیخلاف جاری بھرپور مہم کی بدولت صارفین کو ریلیف مل رہا ہے۔