پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ ہے،موجودہ حکومت کے ساتھ ہرگز نہیں، منظو ر وٹو

عوام کے ساتھ مفاہمت ہے حکومت کے ساتھ ایسا نہیں ہے،صدر پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کا فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعرات 19 فروری 2015 22:39

لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19فروری۔2015ء) پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ ہے اور موجودہ حکومت کے ساتھ ہرگز نہیں، عوام کے ساتھ مفاہمت ہے حکومت کے ساتھ ایسا نہیں ہے۔ یہ بات پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چک جھمرہ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت دھاندی سے بنی ہے اور پیپلز پارٹی صوبائی اور وفاقی حکومت کو قومی وسائل کی بندر بانٹ کی ہرگز اجازت نہیں دیگی۔

میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ کسان دشمن رہی ہے اور اب بھی اسکی پالیسیاں کسان دشمنی کے مترادف ہیں جس سے کسانوں کا معاشی قتل عام ہو رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ چاول، گنے اور آلو کے کاشتکار حکومت کی ٹریڈنگ کارپوریشن کے ذریعے عدم مداخلت کی وجہ سے کاشتکاروں کو بہت نقصان ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں مارکیٹ میں ان زرعی اجناس کی قیمت کو ایک خاص سطح پر رکھنے کے لیے ٹریڈنگ کارپوریشن کے ذریعے خرید لیتی تھی۔

انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حکومتی اداروں کو آلو خریدنے کے احکامات جاری کئے اور کہا کہ ہم انکو سمندر میں پھینک دینگے لیکن کسانوں کا نقصان نہیں ہونے دیں گے۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں اور اہم انکی عزت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انکی تجاویز کی بنیاد پر پارٹی کی پالیسیاں بنائی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ الیکشن لڑنے کے لیے امیدواروں کی سلیکشن کے ضمن میں ضلعی تنظیموں کی سفارشات کو پوری پوری اہمیت دی جائے گی۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ موجودہ حکومت ناکام حکومت ہے کیونکہ اسکے زمانے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ موسم سرما میں بھی ہو رہی ہے جو کہ پیپلز پارٹی کے زمانے میں نہیں ہوتی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں کبھی گھریلو صارفین کے لیے گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوئی جبکہ موجودہ حکومت کے دور میں عوام گھریلو گیس کی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے دوچار ہے۔

میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پاکستان میں قائداعظم کے بعد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے بعد کوئی انکے پائے کا لیڈر نہیں آیا۔پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آج کا ورکرز کنونشن تیسرا کنونشن ہے ، اس سے پہلے وہ ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ میں ورکرز کنونشن کر چکے ہیں۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو چیلنج کیا کہ وہ میری طرح اپنے اثاثے ڈکلےئر کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انکا اور انکے خاندان کے کسی فرد کا بیرون ملک کوئی اکاؤنٹ ہے اور نہ ہی کوئی جائیداد۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کی تنظیم سازی مکمل کرنے کے بعد رکنیت سازی کی مہم شروع کرینگے۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ لوگوں سے رابطہ کریں اور انکو پارٹی میں شامل ہونے کی ترغیب دیں۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ چےئرمین بلاول بھٹو بہت جلد پاکستان آئیں گے اور ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔

میاں منظور احمد وٹو نے طارق باجوہ، اظہر حسین سید اور کارکنوں کو اتنا شاندار ورکرز کنونشن منعقد کرنے پر دلی مبارکباد دی اور کہا کہ وہ انکی پارٹی سے محبت اور خلوص سے بہت متاثر ہیں۔ میاں منظور احمد وٹو کے ہمراہ سیکریٹری جنرل سنٹرل پنجاب تنویر اشرف کائرہ، سہیل ملک، میاں عبدالوحید، ڈاکٹر خیام، مولانا یوسف اعوان اور رانا گل ناصر تھے۔