افغان حکومت اور طالبان مابین امن مذاکرات خو ش آئند ہیں ، پاکستان مکمل دیانتداری کے ساتھ اس امن عمل کی حمایت کرتا ہے ،پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کی ہر کوشش کا حامی ہے، امید ہے فریقین ذمہ داری کے ساتھ امن عمل کو آگے بڑھائیں گے اور کسی کو مذاکرات سبوتاژ کرنے نہیں دیں گے،

آئی ایس پی آر کے ترجمان کا افغان حکومت اور طالبان مابین مذاکرات شروع ہونے بارے رپورٹس پر رد عمل کا اظہار

جمعرات 19 فروری 2015 20:45

افغان حکومت اور طالبان مابین امن مذاکرات خو ش آئند ہیں ، پاکستان مکمل ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19فروری۔2015ء) پاک فوج نے افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان امن مذاکرات کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن عمل کی مکمل حمایت کی ہے اور وہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے ہر کوشش کا حامی ہے، امید ہے فریقین ذمہ داری کے ساتھ امن عمل کو آگے بڑھائیں گے اور کسی کو مذاکرات کو سبوتاژ کرنے نہیں دیں گے۔

جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات شروع ہونے پر میڈیا رپورٹ پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن عمل کی حمایت کی ہے، افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان مفاہمت سے خطے میں پائیدار امن و استحکام میں مدد ملے گی اور یہ معاملہ ہمیشہ افغانستان سے متعلق کسی بھی اجلاس میں زیر بحث آیا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے افغانستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکراتی عمل مکمل شفاف ہونا چاہیے، افغان خود افغانستان میں میں امن و استحکام لاسکتے ہیں تاہم پاکستان افغانستان میں دیرپاامن و استحکام کیلئے ہر کوشش کا حامی ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افغان حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات افغان حکام کی زیر قیادت ہی ہونا چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مکمل دیانتداری کے ساتھ اس امن عمل کی حمایت کرتا ہے، امید ہے کہ فریقین انتہائی ذمہ داری کے ساتھاس عمل کو آگے بڑھائیں گے کیونکہ اس قسم کے مذاکرات کی کامیابی کی ذمہ داری متعلقہ فریقین کے کندھوں پر ہے اور امید ہے کہ دونوں فریقین کسی کو امن عمل کو پٹڑی سے اتارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں امن سے خطے میں امن قائم ہو گا۔