پنجاب پولیس کو مساجدکے سپیکر اتارنے کے کام پر لگا کر دہشت گردوں کو سیف وے دیا جارہا ہے، رحیق عباسی،

پاک فوج ”آپریش ضرب عضب “ اور،دہشت گردوں کاسیاسی ونگ قومی ایکشن پلان کو ناکام بنانے میں مصروف ہے،22فروری کو ملتان میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، صدر پاکستان عوامی تحریک

بدھ 18 فروری 2015 23:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18فروری۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے ملک میں دہشت گردی کی لہر پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک جانب پاک فوج دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے ”آپریش ضرب عضب “ میں مصروف ہے دوسری جانب دہشت گردوں کاسیاسی ونگ قومی ایکشن پلان کو ناکام بنانے کی سازشوں میں مصروف ہے۔

دہشت گرد بے گناہ شہریوں ،سکول کے بچوں ،سیکیورٹی اداروں اہلکاروں پر خود کش حملے کر کے اپنا پیغام دے رہے ہیں کہ وہ کسی بھی وقت کہیں بھی دہشت گردی کی کاروائی کرسکتے ہیں،جو حکومت کے لئے ایک سوالیہ نشان ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد ،راولپنڈی کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرضلعی صدر ابراررضاایڈووکیٹ،اجمل چوہدری،عرفان طاہر،فاروق بٹ،احسان اللہ ایڈووکیٹ،احمد یار ایڈووکیٹ،انصار ملک،عثمان بٹ،سفیان صابر،طالب حسین سہروردی،ایازصابر اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رحیق عباسی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے خون کا قصاص لینے تک احتجاج کاسلسلہ جاری رہے گا،22فروری کو ملتان میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف بہت بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکمران دہشت گردی کے خاتمے میں مخلص نہیں ہیں پنجاب میں مسلسل دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں جو حکومت کی ناکامی اور نا اہلی کاثبوت ہے ۔پنجاب پولیس کو مساجدکے سپیکر اتارنے کے کام پر لگا کر دہشت گردوں کو سیف وے دیا جارہا ہے۔

پنجاب حکومت عوام کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ہوکر اپنی کرسی کو بچانے کی فکر میں مبتلا ہیں ۔ پنجاب حکومت کی نااہلی سے بے گناہ شہری موت کے منہ میں جارہے ہیں، آرمی چیف کو اس کانوٹس لینا چاہئیے کہ خود کش حملے کی اطلاع کے باوجود صوبائی حکومت نے اپنی ذمہ داریاں پوری کیوں نہیں کی ۔