ٹانک، واپڈا پیسکو اور معززین شہر کے درمیان بجلی کی لوڈشیڈنگ ،بجلی بقایاجات کادیرینہ مسئلہ ڈی سی ٹانک احمد خان وزیر کی کوششوں سے حل ہوگیا،

آج سے بقایاجات کی وصولی اور بجلی کنڈوں کے خلافآپریشن شروع کیا جائے گا ،واپڈا پیسکوکے حکام بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کریں گے

بدھ 18 فروری 2015 23:18

ٹانک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18فروری۔2015ء ) ڈپٹی کمشنرٹانک کی زیرصدارت واپڈا پیسکو اور معززین شہر کے درمیان بجلی کی لوڈشیڈنگ ،بجلی بقایاجات کادیرینہ مسئلہ ڈی سی ٹانک احمد خان وزیر کی کوششوں سے حل ہوگیا۔ آج جمعرات کے روزسے بقایاجات کی وصولی اور بجلی کنڈوں کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے گا ۔جبکہ واپڈا پیسکوکے حکام بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کریں گے۔

زرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنرٹانک احمد خان وزیر کے دفتر میں ایک اہم جرگہ منعقد ہوا۔جرگہ میں ڈپٹی کمشنرٹانک احمد خان وزیر ،واپڈاپیسکو ٹانک کے اسسٹنٹ منیجر رحمت اللہ برکی ،معززین شہر پیر سلیم شاہ، ملک زمان بیٹنی ،مولانا خان محمد مروت،عصمت اللہ برکی ،صنم گل تتور،مجید خان اور دیگر معززین شہر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

جرگہ میں ضلع ٹانک میں کئی ماہ سے جاری لوڈشیڈنگ اور واپڈا پیسکو حکام او ر عوام کے درمیان تلخیاں دورکرنے ،بجلی کنڈے کے خاتمے ،بجلی بقایاجات کی وصولی ،بجلی میٹروں اور دیگر مسائل پر غور وخوص کیاگیا ۔

جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے احمد خان وزیر کا کہناتھا کہ واپڈا پیسکو کے حکام بجلی کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہیں۔تاہم واپڈا پیسکو حکام بجلی کنڈے ختم کرنے ،بقایاجات کی وصولی اور بجلی میٹروں کی تنصیب کے حل کے لئے مئوثر اقدامات کرانا چاہتے ہیں۔جس کے لئے عوام کا تعاون اشد ضروری ہے ۔جرگہ میں متفقہ طور پر فیصلہ کیاگیا کہ جمعرات کے دن ضلع ٹانک کے علاقہ سخی اباد میں بجلی بقایاجات کی وصولی اور بجلی کنڈوں کے خلاف اپریشن شروع کیا جائے گا ۔

اس اپریشن کو مرحلہ وار دیگر علاقوں تک بڑھایا جائے گا ۔جس کے بدلے واپڈا پیسکو حکام بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کے لئے مئوثر اقدامات کریں گے۔جرگہ میں فیصلہ کیاگیا کہ اپریشن کے دوران معززین شہر اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہیں گے۔تاکہ وہ بجلی کے بقایات کی وصولی اور کنڈے ختم کرنے کے لئے اپنے اپنے علاقوں میں مئوثر اقدامات کرانے کے لئے واپڈا پیسکوحکام کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ منیجر واپڈا پیسکو ٹانک رحمت اللہ برکی کا کہناتھا کہ جو لوگ میٹر لگائیں گے ان کو 48گھنٹوں میں بجلی میٹر نصب کیا جائے گا ۔اور بقایاجات کی وصولی پر ایس ای واپڈا پیسکو بنوں جمال الدین خان نے ٹانک کے دورہ کے موقع پر معززین شہر کے ساتھ بقایاجات کی وصولی پر 50فیصد رعایت کا جو اعلان کیا تھا۔اس پر عمل درامد کیا جائے گا۔معززین شہر نے ڈپٹی کمشنرٹانک احمد خان وزیر کی کوششوں کو سہراہا اور کہا کہ انھوں نے بجلی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے جو کوششیں کی ہیں ۔اس پر ضلع بھر کے عوام ان کے بے حد ممنون ہیں۔

متعلقہ عنوان :