وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس، پولیس لائنز کے قریب دہشت گردی کے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ پیش،

وضع کردہ سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے ،جمعتہ المبارک کے اجتماعات کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے، مساجد،امام بارگاہوں ،دیگر مقدس اورحساس مقامات کی سکیورٹی مزید بڑھائی جائے‘ شہبازشریف کی ہدایت

بدھ 18 فروری 2015 23:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18فروری۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت امن وامان کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہواجس میں صوبے بھر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اورسکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزراء کرنل (ر) شجاع خانزادہ ،مجتبیٰ شجاع الرحمان،عطاء محمد مانیکا،ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف،اراکین صوبائی اسمبلی راناثنائاللہ ، زعیم حسین قادری،چیف سیکرٹری،انسپکٹرجنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

انسپکٹر جنرل پولیس نے لاہور میں پولیس لائنز کے قریب ہونیوالے دہشتگردی کے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ پیش کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو بہترسے بہتربنانے کیلئے ہرضروری قدم اٹھایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جدید تربیت یافتہ انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دی گئی ہے اور اس فورس کو دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے موثر اور فعال کردارادا کرنا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مساجد،امام بارگاہوں ، عبادت گاہوں اورحساس مقامات کی سکیورٹی مزید بڑھائی جائے ۔جمعتہ المبارک کے اجتماعات کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ وضع کردہ سکیورٹی پلان پرپوری طرح عملدر آمد کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کی جان ومال و عزت وآبرو کے تحفظ کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اوراس منصوبے پر تیزرفتاری سے کام کرنے کی ضرورت ہے، اس ضمن میں ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کئے جائیں گے ۔

سیف سٹی پراجیکٹ بھی پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح معیار اورشفافیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے موثر اورمربوط انٹیلی جنس سسٹم ضروری ہے لہذا انسداددہشت گردی فورس کے انٹیلی جنس ونگ کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے اورتمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کرتے ہوئے انٹیلی جنس شےئرنگ کو مزید بہتر بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں پولیس لائنز میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والے درندوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے ۔