امریکی سینیٹ آرمڈ سروسز کمیٹی کے وفد کی مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات،

پاک امریکہ تعلقات خطے میں سیکیورٹی صورتحال اور پاک افغان تعلقات پر تبادلہ خیال، دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششیں اور کامیابیاں باعث تحسین ہیں، سینیٹر جیک ریڈ

بدھ 18 فروری 2015 23:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18فروری۔2015ء) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی سینیٹ آرمڈ سروسز کمیٹی کے وفد نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے پاک امریکہ تعلقات خطے میں سیکیورٹی صورتحال اور پاک افغان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق مشیر خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز سے امریکی سینیٹ آرمڈ سروسز کمیٹی کے رکن سینیٹر جیک ریڈ نے بدھ کو دفتر خارجہ میں ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور سینیٹ آرمڈ سروسز کمیٹی کے سینئر سٹاف ارکان بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ملاقات کے دوران پاک امریکہ تعلقات اور خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال زیر غور لائی گئی مشیر خارجہ نے دہشتگردی اور انتہاء پسندی کیخلاف پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانیوالے جامع اور قوی اقدامات سے آگاہ کیا اور امریکی سینیٹر کو پاک افغان تعلقات میں بہتری سے متعلق بریفنگ دی ۔ سینیٹر جیک ریڈ نے دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی جانب سے کی جانیوالی کوششوں کے دوران دی گئی قربانیوں اور حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو سراہا۔