ترک وزیراعظم کا دورہ ٴ خوش آئند ہے ،پاکستان بھی ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہو جائے ‘ حافظ محمد ادریس ،

ترکی کی تباہ شدہ معیشت دنیا کی سب سے زیادہ تیز رفتار ی سے نشو و نما پانے والی معیشتوں میں سرفہرست آ گئی

بدھ 18 فروری 2015 23:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18فروری۔2015ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ ترک وزیراعظم کا دورہ ٴ پاکستان خوش آئند ہے ، ترکی بھی ہماری طرح گوناگوں مسائل کا شکار تھا ۔ کرپشن اور بدنظمی ، سابقہ ادوار کے حکمرانوں کی لوٹ مار اور نیٹو کی رکنیت نے ترکی کی معیشت مکمل طور پر تباہ کر دی تھی،جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کی حکومت نے اردوگان کی قیادت میں ملک کی کایا پلٹ دی ہے ۔

منصورہ میں کارکنان کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترک حکومت نے سب سے پہلے سیاست ، فوج اور بیوروکریسی میں پھیلے ہوئے کرپشن کے کینسر کا علاج کیا ۔ حکمرانوں نے خود شفافیت کا راستہ اپنایا تو حالات بدلنے لگے یہاں تک کہ ترکی کی تباہ شدہ معیشت دنیا کی سب سے زیادہ تیز رفتار ی سے نشو و نما پانے والی معیشتوں میں سرفہرست آ گئی ۔

(جاری ہے)

ترکی کا لیرہ آج اتنا مضبوط ہے کہ ڈالر دو اڑھائی لیرے کا ہوگیاہے جبکہ سابقہ حکمرانوں کے دور میں ہزاروں لیرے کا ایک ڈالر ملتاتھا۔ حافظ محمد ادریس نے کہاکہ ہمارے حکمرانوں کو ترکی سے یہ سبق سیکھناچاہیے کہ کرپشن کا خاتمہ کریں ، امریکی جنگ سے نکل آئیں اور بیرون ملک جمع شدہ دولت واپس لائیں ۔ اگر یہ کام حکومت کر سکتی ہے تو پاکستان بھی ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہو جائے گا ورنہ مشکلات ناقابل حل ہو جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :