چینلز پر غیراخلاقی اشتہارات نے قومی غیرت کا جنازہ نکال دیا، پیمرا اپنے ضابطوں پر عمل درآمد کرانے کیلئے تیار نہیں، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

بدھ 18 فروری 2015 22:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18فروری۔2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ غیراخلاقی اشتہارات نے قومی غیرت کا جنازہ نکال دیا ہے،پاکستان میں پیمرا اپنے ضابطوں پر عمل درآمد کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔بے حیائی پرمبنی ٹیلی ویژن پر چلنے والے ایسے تمام اشتہارات کا فوری نوٹس لیا جائے کیو موبائل کے اخلاق باختہ کمرشل پرپابندی عائد کی جائے۔

جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے اخبارات وچینلزپرچلنے والے قابل اعتراض کمرشل اشتہارات پر تشویش اورپیمرا کی بے حسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی غیرت کو بھی پیسوں کے ترازو میں تولا جارہاہے اورمعاشرے کے اندر بے حیائی وبے شرمی کو عام کیا جارہا ہے۔پاکستان کے عوام ایسی بے حیائی کو مسترد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے موبائل کی تشہیر کے کمرشل کی آڑ میں نہ صرف اسلامی اقدار کو مسخ اورنوجوان نسل ومعاشرے کو بے راہ روی کی طرف دھکیلنے کی سازش بلکہ اللہ تعالیٰ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔

اسلام ،ملک اورخاندان دشمن قوتیں اس طرح کے کمرشلزکے ذریعے اوربعض ملٹی نیشنل کمپنیوں کی آڑ میں اسلام وکلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آنے والے ملک پاکستان میں شرم وحیاء اور مشرقی اقدارکوبری طرح پامال کررہی ہیں مگر کوئی ان سے پوچھنے والہ بھی نہیں ہے،ملک میں انتہاپسندی کے فروغ کا ایک سبب ایسے کمرشل بھی ہیں۔اس لئے میڈیا پرنظر رکھنے والہ ادارہ پیمرا کو اندھا وبہرا بننے کی بجائے اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کرے اور ملک کے اسلامی اقدار کو مسخ اورنظریاتی سرحدوں کو کھوکھلا کرنے والیاشتہارات پر پابندی لگائی جائے۔

متعلقہ عنوان :