مصر کا پاکستان کے بجائے فرانس سے لڑاکا طیارے لینے کا اعلان ،

مصر 2010 سے پاکستان سے جے ایف 17تھنڈر خریدنے میں دلچسپی ظاہر کر رہا تھا، رپورٹ

بدھ 18 فروری 2015 22:37

مصر کا پاکستان کے بجائے فرانس سے لڑاکا طیارے لینے کا اعلان ،

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18فروری۔2015ء) مصر نے پاکستان اور چین سے جے ایف 17 تھنڈر کے بجائے فرانس سے چوبیس رافیل لڑاکا طیارے لینے کا اعلان کردیا۔ مصر 2010 سے پاکستان سے جے ایف 17تھنڈر خریدنے میں دلچسپی ظاہر کر رہا تھا۔ چینی اخبار”چائنہ ٹائمز“ اور واشنگٹن کی ”ڈیفنس نیوز“ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ مصر نے داعش کے خطرے اور مغربی ممالک سے بہتر تعلقات کی خاطر پاکستان سے تھنڈر طیاروں کی بجائے فرانس سے معاہدہ کرنے کو ترجیح دی ہے۔

فرانس بھارت اور قطر کو رافیل طیارے فروخت کرنے کی کوشش میں ہے جب کہ چین اور پاکستان اپنے طیاروں کے ممکنہ خریدار دیکھ رہے ہیں۔ ارجنٹینا، نائیجیریا اور میانمار وہ ممالک ہیں جو جے ایف تھنڈر کے حصول کے لئے چین اور پاکستان کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شنگھائی کی ایک نیوز سائیٹ کے حوالے سے کہا گیا کہ مصر نے پاکستان اور چین سے جے ایف 17 تھنڈر کے بجائے فرانس سے5.9 ارب ڈالر کے 24رافیل طیارے خریدنے کا معاہدہ کرلیا 12فروری کو فرانسیسی صدر فرینکوئس ہالینڈ اور مصری صدر عبد الفتاح السیسی کے درمیان پانچ ارب نوے کروڑ ڈالر مالیت کے ایک دفاعی پیکیج پر اتفاق ہوا ہے، جس میں رافیل لڑاکا طیارے اور کثیر جہتی مشن کی ایک فریگیٹ شامل ہے۔

فرانسیسی صدر نے کہا کہ یہ معاہدہ مصر کی سیکیورٹی میں اضافہ اور مکمل طور پر علاقائی استحکام کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریگا مصر اور فرانس کے درمیان اس معاہدے کیلئے دسمبر سے بات چیت جاری تھی۔ اولاند نے کہاکہ گزشتہ ماہ سعودی عرب کے شاہ عبداللہ کے سفر آخرت کے موقع پر مصری صدر السیسی سے قیمت پر کچھ کرنے کی کوشش پر اتفاق کیا تھا، اس کے بعد مصری صدر نے فیصلہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سولہ فروری کو قاہرہ میں معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :