پرویزالٰہی زخموں پر نمک پاشی نہ کریں‘ ہر معاملے پر سیاست چمکاناچوہدری برادران کا وطیرہ ہے‘ ترجمان پنجاب حکومت ،

دہشت گردی کی مذمت کرنے کی بجائے پرویز الٰہی کے تنقیدی بیانات سمجھ سے بالاتر ہیں‘ سیدزعیم حسین قادری کا ردعمل

منگل 17 فروری 2015 23:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2015ء) پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ حالات کی سنجیدگی کا احساس کئے بغیر ہر معاملے پر بیان بازی کونسی سیاست ہے؟ ، پرویزالٰہی زخموں پر نمک پاشی نہ کریں‘ ہر معاملے پر سیاست چمکانا چوہدری برادران کا وطیرہ بن چکا ہے اسی لئے انہوں نے پولیس لائنز کے نزدیک ہونے والے افسوسناک واقعہ کے حقائق جاننے کی بھی زحمت نہیں کی اور محض اخبارات کی زینت بننے کی کوشش میں خودساختہ دعوے شروع کر دیئے۔

اپنے ایک بیان میں سیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ جن کا اپنا دور حکومت لوٹ مار اور کرپشن سے عبارت تھا‘ وہ کس منہ سے موجودہ حکومت پر تنقید کر رہے ہیں؟ پرویزالٰہی کو معصوم جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کرنے کی توفیق نہیں ہوئی حالانکہ یہ انہی کے دورحکومت کا بویا ہوا کاٹا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی کو جس خودساختہ دھاندلی کا پیٹ درد محسوس ہو رہا ہے موجودہ حالات میں کوئی بھی دوا ان کا مداوا نہیں کر سکتی۔

سیدزعیم حسین قادری نے مزید کہا کہ حالات کی نزاکت کے برعکس بیانات داغنے سے چوہدری برادران کا اقتدار واپس نہیں آ سکتا۔ حقیقت یہ ہے کہ آج ساری قوم دہشت گردی کے مقابلے کے لئے یک جان ہے۔ پرویزالٰہی قوم کو تقسیم کرنے سے باز رہیں۔ ان کی ایسی کسی کوشش پر عوام ہرگز کان نہیں دھریں گے۔

متعلقہ عنوان :