لاہور کے علاقے قلعہ گجر سنگھ پولیس لائن کے باہرخودکش بم دھماکے پر الطاف حسین کااظہار مذمت

منگل 17 فروری 2015 22:45

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لاہور کے علاقے پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ کے باہر خود کش بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے میں متعدد افراد کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردی اور بم دھماکوں میں معصوم عوام کو خاک و خون میں نہلایاجارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو سفاک دہشت گرد بم دھماکہ کرکے معصوم و بے گناہ لوگوں کی جان و مال سے کھیل رہے ہیں وہ ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے علاقے پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ کے باہر بم دھماکہ آپریشن ضرب عضب کو ناکام بنانے کی مذموم کوشش ہے ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے لاہور پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ کے باہر بم دھماکے میں شہیدہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردو س میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، لواحقین کو صبرجمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔

الطاف حسین نے صدر مملکت ممنون حسین ، وزیراعظم نوازشریف، وفاقی وزیر چوہدری نثار اور پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے مطالبہ کیا ہے لاہور کے علاقے پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ ے باہر خودکش بم دھماکے کا فوری نوٹس لیا جائے اور دھماکے میں ملوث عناصر کے خلاف فی الفور کاروائی کرکے انہیں قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے بم دھماکے کے نتیجے میں شہریوں کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے ۔