Live Updates

تحریک انصاف کی لاہور پولیس لائن میں دہشت گرد حملے کی مذمت،

وفاقی حکومت سے خیبرپختونخواہ کو ایف سی کی فوری واپسی کا مطالبہ

منگل 17 فروری 2015 22:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2015ء) پاکستان تحریک انصاف نے لاہور پولیس لائین میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے اور وفاقی حکومت سے خیبرپختونخواہ کو ایف سی کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین، مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اللہ خان نیازی،مرکزی رہنما نعیم الحق اور چوہدری سرور نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے صوبائی و قومی حکومتوں کو مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ملک کا سنگین مسئلہ ہے جس سے سنجیدگی سے نمٹنا ہوگا۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان کی منظوری کے بعد وفاقی حکومت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے چنانچہ اس کے تحفظ کیلئے وفاقی حکومت فوری طور پر ایف سی کی صوبے میں واپسی یقینی بنائے۔ اپنے بیان میں تحریک انصاف کے رہنماؤں نے شہداء کے اہل خانہ سے یکجہتی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے زخمیوں کے علاج معالجے کی مکمل سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا اور سرحدوں خصوصاً پاک افغان سرحد کے ذریعے ہونے والی آمدورفت کی کڑی نگرانی کی ضرورت پر زور دیا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات