لاہو ر خود کش حملہ، دہشتگردوں کی نابودی ،ضرب عضب آپریشن کی کامیابی کیلئے جمعہ کو” یوم دعا “منایا جائیگا،حامدموسوی،

قوم دہشتگردی کیخلاف ضرب عضب آپریشن کی حمایت کے غیر متزلزل عزم کی تجدید کرکے واضح کر دے پاکستان قائم رہنے کیلئے وجود میں آیا تھا، پاک فوج کے سالار اعلیٰ دہشتگردوں کی کمر توڑنے میں مصروف ہیں، فتح انکے قدم چومے گی ،‘سانحہ لاہور پر قائد ملتِ جعفریہ کا ردِ عمل

منگل 17 فروری 2015 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2015ء) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے پولیس لائن لاہور کے سامنے خود کش حملے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کی نابودی اور ضرب عضب آپریشن کی کامیابی کیلئے جمعہ کو” یوم دعا“ منانے کا اعلان کیا ہے ۔ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اسوقت ہر طرف سے پاکستان کا گھیراؤ اور مشکل ترین صورتحال ہے ،انسان چونکہ فطری اور تخلیقی طور پر کمزور ہے جو مشکل میں پریشان ہو جاتا ہے لہذا اسے زندہ رہنے کیلئے دعا کی شدید ضرورت ہے ۔

انہوں نے تمام اہل وطن سے اپیل کی کہ وہ بارگاہِ خداوندی میں سر بسجود ہو کردعا مانگیں کہ اے خاصہ خاصان رسل وقت دعا ہے، امت پہ تری آج عجب وقت پڑا ہے۔

(جاری ہے)

آقای موسوی نے قوم سے اپیل کی کہ وہ یوم دعا کے موقع پر دہشتگردی کیخلاف ضرب عضب آپریشن کی حمایت کے غیر متزلزل عزم کی تجدید کرکے سفاک دہشتگردوں پر واضح کر دے کہ پاکستان قائم رہنے کیلئے وجود میں آیا تھا جو باقی رہے گا اور سنی شیعہ مکاتب میں دنیا کی کوئی طاقت رخنہ نہیں ڈال سکتی۔

انہوں نے کہا کہ دھماکوں ،خود کش حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے ہونے والی قتل و غارت گری مکتبی تنازعہ نہیں بلکہ کھلی دہشتگردی ہے ،بیرونی امداد پر پلنے والے کالعدم گروپوں کی پیٹ اور ایڈ کی لڑائی کو مذہبی تنازعہ قراردینا بھی دہشتگردی ہے ۔انہوں نے حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ 5درجن ممنوعہ گروپوں کو فوری طور پر شکنجے میں جکڑے ،نئے ناموں سے کام کرنیوالے کالعدم گروپوں کو لگام دے ،بیگناہوں کی پکڑ دھکڑ اور شیڈول فور میں شامل کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ،جھوٹے مقدمات خارج کر کے بیگناہ گرفتار شدگان کو فی الفور رہاکیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد اسی وقت ہو گا جب بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالاجائیگاجو دندناتے پھر رہے ہیں ،میڈیا کے فورموں پر براجمان اور اخبارات میں شہ سرخیوں کیساتھ انکی خبریں شائع ہوتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام دہشتگردی کی مذمت اور لاشے اٹھا اٹھا کر تھک چکے ہیں لیکن جب تک ارباب اقتدار خلوص نیت کیساتھ بلا رو رعایت مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر اصل دہشتگردوں کو آہنی شکنجے میں نہیں جکڑیں گے اس وقت تک دہشتگردی کا قلع قمع مشکل ہے ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ اس وقت پوری دنیا کو بد ترین حالات کا سامنا ہے ،تباہی و بربادی ،خونریزی ،افتراق و انتشار ،دھماکوں ،خود کش حملوں ،جنگ و جدال اور قتل و قتال کا دور دورہ ہے ،مسلم ممالک میں افغانستان ،عراق ،شام ،تیونس ،یمن ،لیبیا ،مصر ،اردن ،بحرین کی اینٹ سے اینٹ بجا دی گئی ہے ،بعض ممالک خانہ جنگی کی کیفیت سے دوچار ہیں ،شیطانی قوتیں تماتر توانائیاں اپنا اسلحہ فروخت کرنے پر صرف کر رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سوالیہ نشان یہ ہے کہ جنہیں جنگجو ،دہشتگرد کہا جا رہا ہے انہیں بھی اسلحہ بڑی طاقتوں کی دکان سے مل رہا ہے اور مسلم ممالک کو بھی وہی اسلحہ دے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ داعش نے اردنی پائلٹ کو پھانسی دی تو امریکہ نے اردن کو جہاز دینے کا اعلان کردیا اور لیبیا میں قبطی قبیلہ کے 21عیسائی ذبح کئے گئے تو فرانس نے مصر کو رافیل جہاز دے ڈالے جس نے تابڑ توڑ حملے شروع کر دئیے ۔

آقای موسوی نے واضح کیا کہ پاکستان چونکہ ایٹمی قوت اور اسلام کا قلعہ ہونے کی وجہ سے عالمی استعما ر کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے لہذا جب بہادر افواج پاکستان نے دہشتگردوں کیخلاف ضرب عضب آپریشن شروع کیا تو بھارت نے کنڑول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ اور جھڑپیں شروع کر دیں جو تا ہنوز جاری ہیں جبکہ مذاکرات اس نے پہلے ہی بند کر دئیے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ سابق امریکی جرنیل کا بیان بھی ریکارڈ پر موجود ہے کہ افغانستان میں بھارتی قونصل خانے پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں مکمل طور پر ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ 16دسمبر کو آرمی پبلک سکول پشاور میں معصوم بچوں کا قتل عام کیا پھر راولپنڈی میں امامبارگاہ چٹیاں ہٹیاں میں عاشقان مصطفی کو نشانہ بنایا ،بعد ازاں مسجد وامامبارگاہ کربلائے معلی شکار پور میں نمازیوں کا خون بہایا جس کے بعد مسجد امامیہ حیات آباد پشاور میں دوران جمعہ عبادت گزاروں کے خون سے ہولی کھیلی اور آج پنجاب کے دل لاہور شہرمیں پولیس لائن کے قریب خود کش دھماکہ کر کے بیگناہ زندان دلان لاہور کو خون میں نہلا دیا گیا،ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ان اندوھناک سانحات کے علاوہ ہیں جن میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ ہو یا جنوبی ایشیاء دونوں خطوں میں یہود و ہنود نے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ مسلم حکمرانوں کی کاسہ لیسی ہے جو دنیا کی ایک ارب آبادی پر مشمل60مسلم ممالک اور نصف دولت دنیا کے مالک ہونے کے باوجود نہایت کمزور ،بے بس،بے کس اور بے آواز ہیں کیونکہ ان میں اتحاد و یکجہتی کا فقدان ہے ،مسلم میڈیا ،کمزور ہی نہیں بلکہ مغرب کی زبان بولتا ہے جبکہ یہود وہنود اور ان جیسے دیگرحکمران اپنے عوام کیلئے جیتے ہیں لیکن مسلم حکمران اپنی عیاشیوں میں مگن اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں ۔

قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ پاک فوج کے سالار اعلیٰ اپنی تمامتر توانائیاں دہشتگردوں کی کمر توڑنے پر صرف کر رہیں جن کی کامیابی یقینی اور آخری فتح ان کے قدم چومے گی پوری قوم انکے ساتھ ہے ۔در ایں اثنا ء یوم دعا کے پروگراموں کی نگرانی کیلئے ٹی این ایف جے کی مرکزی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کا کنوینر علامہ سید محسن علی ہمدانی کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ علامہ بشارت حسین امامی ڈپٹی کنوینر اور زیڈ اے راجہ سیکرٹری ہونگے۔