سانحہ شکار پور کے متاثرین کو دیئے گئے چیکس کو سندھ بینک نے کیش کرنے سے انکار کردیا ہے ،امتیاز احمد شیخ ،

بینک انتظامیہ کی طرف سے بتایا گیا اوپر سے چیک کیش کرنے سے منع کردیا گیا ہے ، وزیر خزانہ بتائیں یہ چیک کیوں روکے گئے ہیں،نکتہ اعتراض، چیک روکنے کی بات درست نہیں ، حکومت سندھ نے کسی کو چیک کیش کرنے سے منع نہیں کیا، وزیر خزانہ مراد علی شاہ کا نکتہ اعتراض پر جواب

منگل 17 فروری 2015 20:24

سانحہ شکار پور کے متاثرین کو دیئے گئے چیکس کو سندھ بینک نے کیش کرنے ..

کراچی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2015ء ) سانحہ شکارپور کے ورثاء کو وزیر اعلیٰ سندھ نے معاوضے کے جو چیک دیئے تھے ، سندھ بینک نے وہ چیک کیش کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔ یہ بات منگل کو پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے رکن امتیاز احمد شیخ نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر بتائی ۔ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ ہم نے وزیر اعلیٰ سندھ کے اس اقدام کی تعریف کی تھی کہ انہوں نے شہداء کے ورثاء کو 20 ، 20 لاکھ روپے کے چیک بروقت دیئے تھے لیکن یہ ورثاء شکارپور میں اس وقت سندھ بینک میں کھڑے ہیں ۔

بینک کی انتظامیہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اوپر سے منع کر دیا گیا ہے کہ چیک کیش نہ کیے جائیں ۔ وزیر خزانہ بتائیں کہ یہ چیک کیوں روکے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ شکارپور کے لانگ مارچ کرنے والے متاثرین سے بات چیت کے لیے حکومت کا بااختیار وفد بھیجا جائے ۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ چیک روکنے کے حوالے سے بات درست نہیں ہے ۔

حکومت سندھ نے کسی کو چیک کیش کرنے سے منع نہیں کیا ہے ۔ اس کے باوجود میں اس معاملے کو دیکھوں گا ۔ ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین خان نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ میرے توجہ دلاوٴ نوٹس پر محکمہ پولیس کی جانب سے اسمبلی میں غلط معلومات فراہم کی گئیں ۔ 2014ء میں کراچی کے علاقوں اورنگی ٹاوٴن ، قصبہ علی گڑھ اور گلبہار میں شہیدہونے والے ہمارے کارکنوں اور ہمدردوں کی تعداد 145 ہے ، جن کی فہرست میرے پاس موجود ہے ۔

ان کی ایف آئی آرز بھی درج ہوئی ہیں ۔ مزید لوگ بھی شہید ہوئے ہیں ۔ شہید ہونے والے پولیس اہلکار ان کے علاوہ ہیں جبکہ محکمہ پولیس کی طرف سے یہ بتایا گیا تھا کہ کل 39 افراد شہید ہوئے ہیں ۔ وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ میں متعلقہ پولیس افسران کو بلا کر محمد حسین خان کے ساتھ بٹھا دوں گا اور ان سے پوچھوں گا کہ حقیقت کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :