پنجاب اسمبلی کو ممکنہ دہشت گردی سے بچانے کیلئے اسمبلی سیکرٹریٹ سے ملحقہ عمارتوں پر سکیورٹی پر مامور مسلح پولیس اہلکاروں کا اسلحہ چیلوں کی ”دہشت گردی“ کے سامنے بے بس

پیر 16 فروری 2015 23:32

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16فروری 2015ء) پنجاب اسمبلی کو ممکنہ دہشت گردی سے بچانے کیلئے اسمبلی سیکرٹریٹ سے ملحقہ عمارتوں پر سکیورٹی پر مامور مسلح پولیس اہلکاروں کا اسلحہ چیلوں کی ”دہشت گردی“ کے سامنے بے بس ہو گیا ہے اور ان اہلکاروں نے بندوقیں چھوڑ کر اپنے تحفظ کیلئے چھڑیاں اٹھا لی ہیں۔چند روز قبل چیلوں نے دو اہلکاروں کی ٹوپیاں اچک لی تھیں۔

(جاری ہے)

چیلوں نے یہ حملے واپڈا ہاؤس اور الفلاح بلڈنگ کی چھتوں پر ڈیوٹی دینے والے سکیورٹی اہلکاروں پر کیے تھے۔ پیر کو الفلاح بلڈنگ پر ڈیوٹی دینے والے سیکیورٹی اہلکاروں نے ڈنڈے اٹھا لیے۔ یہ اہلکار باری باری ڈنڈا تھامے چیلوں کو لہرا لہرا کر اپنے سے دور رکھنے کی کوشش کرتے رہے جبکہ ساتھی اہلکار گن تھامے الرٹ کھڑے رہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ وہ جیلوں کو اپنے سے دور رکھنے کیلئے ہوا میں ڈنڈا چلا چلا کر تھک گیا ہے اور اسے ہلکا سا بخار بھی محسوس ہونے لگا ہے۔