سوات ایکسپریس منصوبے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس،

منصوبے سے متعلق موجودہ پوزیشن اور اس منصوبے کے آغاز کی صورتحال پر تفصیلی بحث

پیر 16 فروری 2015 23:24

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16فروری 2015ء) سوات ایکسپریس منصوبے سے متعلق اعلیٰ سطحی ایک اجلاس سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصرکی زیر صدارت صوبائی اسمبلی کے کانفرنس ر وم میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی ، رکن قومی اسمبلی جنید اکبر ، اراکین صوبائی اسمبلی سید جعفر شاہ ، فضل حکیم ، شکیل خان ، اشتیاق ارمڑ اور سید محمد علی شاہ باچا نے بھی شرکت کی اجلاس میں سوات ایکسپریس منصوبے سے متعلق موجودہ پوزیشن اور اس منصوبے کے آغاز کے بارے میں صورتحال پر تفصیلی بحث کی گئی اور اس موقع پر کئی ایک اہم فیصلے بھی کئے گئے۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیاکہ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر سوات ایکسپریس منصوبے کو اپ گریڈ کرکے اسے سوات موٹروے میں تبدیل کردیا گیا اور اس مجوزہ موٹروے کو چھ رویہ کردیاگیا ہے چین اور ترکی نے اس منصوبے کی تکمیل میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے تاہم سوات موٹروے منصوبے میں چین کی حکومت کی دلچسپی نمایاں ہے اور چینی ماہرین نے سوات موٹروے کے سلسلے میں 10 فروری کو موقع کاتفصیلی معائنہ کیااور سوات موٹروے منصوبے میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ نظر ثانی شدہ منصوبے کے تحت مجوزہ سوات موٹروے کی چوڑائی 45 میٹرسے بڑھا کر 80 میٹر کردی گئی ہے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ سوات موٹروے نوشہرہ ، صوابی ، مردان اور ملاکنڈ سے گزرے گی اور اس منصوبے سے ان اضلاع کے عوام براہ راست مستفید ہوں گے انہوں نے کہا کہ سوات موٹروے پشاور اسلام آباد موٹروے پر کرنل شیرخان ایم ون اینٹرچینج سے شروع ہوگی اور جوکہ مختلف اضلاع سے گزرتی ہوئی چکدرہ سوات پر ختم ہوگی انہوں نے کہا کہ سوات موٹروے منصوبے کی تکمیل سے جنگ سے متاثرہ علاقے میں نہ صرف سیروسیاحت کو فروغ ہوگا بلکہ اس سے آمدورفت کے نئے راستے کھلیں گے اور صوبے کی معیشت مستحکم ہوگی۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ روزگار کی فراہمی موجودہ دور کا سب سے بڑا چیلنج ہے اور سوات موٹروے منصوبے کی تکمیل سے لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے انہوں نے کہا کہ سوات موٹروے منصوبے سے کئی نئے علاقوں اور لوگوں کی تقدیر بدل جائے گی اور صوبے میں خوشحالی و ترقی کے ایک نئے دو ر کا آغاز ہوگا انہوں نے کہا کہ وہ اس منصوبے پر جلد از جلد باقاعدہ کام کا آغاز کرنے کے خواہشمند ہیں انہوں نے متعلقہ محکموں اور حکام پر زور دیا کہ وہ جنگی بنیادوں پر سوات موٹروے منصوبے پر کام کریں اور یہ ان کی جانب سے صوبے کی پسماندگی کے خاتمے اور خوشحالی کے ایک نئے دور کے آغاز کے سلسلے میں ایک جہاد تصور ہوگا۔

انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ اس سال 30 جون تک سوات موٹروے منصوبے کے لئے اراضی کے حصول اور مالکان اراضی کو زمینوں کی قیمتوں کی ادائیگی کو ہر حال میں ممکن بنائیں انہوں نے کہا کہ سوات موٹروے منصوبہ صوبے کی معیشت و سیاحت کی ترقی میں ایک کلیدی کردار ادا کرے گا۔اجلاس کو سوات موٹروے منصوبے سے متعلق ڈائریکٹر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی انجنیئر محمد عزیر نے تفصیلی بریفنگ دی بعدا زاں صوبے میں مائنز اونرز اور ماربل ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی سپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا صوبائی وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی ، ڈی سی صوابی مطیع الرحمان ، ڈی جی معدنیات ڈاکٹر لیاقت علی اور ڈپٹی ڈائریکٹر معدنیات یعقوب نواز نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :