ڈاکٹر عافیہ کی رہائی میں تاخیر پوری پاکستانی قوم کی تذلیل ہے،جنرل راحیل شریف دنیا کے طاقتور ترین افراد میں شامل ہیں ، عافیہ کی واپسی میں کردار ادا کریں ‘عافیہ کی واپسی سے خوف وہراس کی فضا ختم ، عوام کا عسکری و سیاسی لیڈر شپ پر اعتماد بحال ہوگا،امریکہ میں 86سالہ قید کی سزا پانے والی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی لاہور میں پریس کانفرنس

اتوار 15 فروری 2015 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15فروری۔2015ء) امریکہ میں 86سالہ قید کی سزا پانے والی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی میں تاخیر پوری قوم کی تذلیل ہے ۔ جنرل راحیل شریف پاکستان کی سا لمیت کے محافظ اور دنیاکے موثرو طاقتور ترین افراد میں شامل شخصیت ہیں ۔آرمی چیف اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ملکر قوم کی بیٹی کو وطن واپس لاسکتے ہیں ۔

عافیہ کی واپسی سے موجودہ خوف وہراس کی فضا ختم ہوگی اور عوام کا عسکری و سیاسی لیڈر شپ پر اعتماد بحال ہوگا وہ لاہور پریس کلب میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں ۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حافظ محمد زبیر ، جماعت اسلامی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات و کالم نگار فاروق چوہان ،پاسبانِ پاکستان کے صدر الطاف شکور ،میو اتحاد کے چئیرمین عابد میو ،شفیق قادری ، حافظ انصر بٹ اور انسانی حقوق کے رہنماء سید اظہر حسین شاہ ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ بیٹیاں قوم کی عزت وناموس ہوتی ہیں ۔ ڈاکٹر عافیہ کو حکمرانوں اور سیاستدانوں نے قوم کی بیٹی قرار دیا۔ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی میں مسلسل تاخیر سے پوری پاکستانی قوم اور لیڈر شپ کی تذلیل ہورہی ہے ۔ اس تاخیر کے باعث عوام مسلسل عدم تحفظ کا شکار ہورہے ہیں ۔ملک میں خوف ہراس اور عدم تحفظ کی فضا موجود ہے ۔ ڈاکٹرعافیہ سے ہر مذہب ، ہر مسلک اورہر طبقہ کے لوگ والہانہ لگاؤ رکھتے ہیں اور اُس کی رہائی کے لئے دنیا کے ہر حصہ میں فکر مند رہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج کرکٹ ورلڈکپ کا سب اہم میچ ہورہا ہے، عافیہ ایک اور ورلڈ کپ دیکھنے سے محروم رہ گئی اس کے بچے ہرمیچ کے دوران اپنی ماں کو یاد کریں گے ۔ ورلڈ کپ کے فائنل سے پہلے عافیہ کو وطن واپس لاکر قوم کو سپر ورلڈ کپ کا تحفہ دیں، مجھے اُمید ہے کہ آرمی چیف اور وزیر اعظم نواز شریف دونوں ملکر عافیہ کو وطن واپس لاسکتے ہیں ۔ آرمی چیف نے ہماری نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کا حلف اُٹھایا ہوا ہے میں اپیل کرتی ہوں کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔

موجودہ حالات میں اُن کے کندھوں پر بھاری ذمہ داریاں ہیں۔ انشاء اللہ پوری قوم کی امید اور تائید کے ساتھ وہ عافیہ کو ضرور وطن واپس لائیں گے ۔ حافظ محمد زبیر نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ ہماری قومی غیرت کا معاملہ ہے پاکستانی قوم ڈاکٹر عافیہ کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔فاروق چوہان نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی تاخیر سے پوری قوم میں بے چینی پھیل رہی ہے ،حکمرانوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ قوم سے کئے گئے وعدے پورے کریں اور قوم کی بیٹی کو وطن واپس لائیں ۔

پاسبان ِپاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہاکہ حکمرانوں کی بزدلی اور بے حسی شرمناک ہے اگر اب بھی حکمرانوں نے قوم کے جذبات کی قدر نہ کی اور قوم کی بیٹی عافیہ کو وطن واپس لانے میں بے حسی کا مظاہرہ جاری رکھا تو وہ عبرتناک انجام کے لئے تیار رہیں۔ عابد خان میو نے کہا کہ ہر سبز ہلالی پرچم اُٹھانے والے تمام پاکستانی آرمی چیف اور وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عافیہ کو بلا تاخیر واپس لائیں۔

سید اظہر حسین شاہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کی مثال نہیں ملتی ۔ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت عملی قدم اُٹھائے۔شفیق قادری نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی انتہائی آسان ہے ہمیں امریکی غلامی سے نکل کر ہمت وجرات کا راستہ اپنا کر عافیہ کو وطن واپس لانا ہے ۔