آئی ایس آئی قومی سلامتی و یکجہتی کا امین اور ملکی دفاع کا پرائم ادارہ ہے،مادر وطن کیلئے پاک فوج کے ا فسروں، جوانوں اور انکے معصوم بچوں کی عظیم قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں ،آرمی چیف کے دفاعی و سفارتی کردار پر پوری قوم خراج تحسین پیش کر رہی ہے،(ق) لیگ پنجاب کے صدر سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 15 فروری 2015 18:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15فروری۔2015ء) (ق) لیگ پنجاب کے صدر سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی ملکی دفاع کا ایک پرائم ادارہ ہے اور قومی سلامتی و یکجہتی کا امین ہے جس نے ملک کے تحفظ کیلئے ہمیشہ گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے غیر ملکی دوروں کے ذریعہ مادر وطن کی گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اور پاکستان کی دفاعی اور خارجہ پالیسی کے محور یعنی مسئلہ کشمیر کو بہترین انداز میں اجاگر کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ پوری قوم ان کے دفاعی اور سفارتی کردار پر خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔

وہ اتوار کو میڈیا اور مسلم لیگی وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ اپنی وزارتِ اعلیٰ کے دوران چیف جسٹس افتخار چودھری کے جلوس کو راستہ میں روکنے کے معاملہ کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ صدر جنرل پرویزمشرف اور اس وقت کے آئی ایس آئی چیف جنرل پرویزکیانی نے میری بات مان لی اور معاملہ پنجاب حکومت پر چھوڑ دیا، یہ ان کی اچھی بات تھی جس کا نتیجہ اللہ کے فضل سے بہت بہتر آیا اور جلوس امن سے اسلام آباد سے لاہور پہنچ گیا جبکہ عمران خان کا یہ بیان ریکارڈ پر ہے کہ ایک گلاس بھی نہیں ٹوٹا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یاد دلایا کہ نوازشریف کی حکومت ہو یا کسی اور کی پاک فوج اور آئی ایس آئی کے خلاف جب بھی شرانگیز پراپیگنڈہ کیا گیا یا انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تو پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور میرے سمیت پوری پارٹی نے سب سے پہلے دفاعی اداروں کے حق میں آواز بلند کی، ملک بھر میں مظاہرے بھی کیے اور اسمبلی میں قرارداد بھی پیش کی کیونکہ ہمارے نزدیک پاک فوج یا آئی ایس آئی کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنا ہے، جنگ ہو یا دہشت گردی یا کوئی قدرتی آفت، پاک فوج کی خدمات اور مادر وطن کیلئے عظیم قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں بلکہ اب تو فوجی افسروں اور جوانوں کے معصوم بچے بھی اپنی جانیں قربان کر کے ہمیشہ کیلئے امر ہو چکے ہیں۔