تھرپارکر میں مسلمانوں سمیت ہندووٴں کی بھی بلا امتیاز خدمت کر رہے ہیں؛ امیر جماعةالدعوة پاکستان حافظ سعید

اتوار 15 فروری 2015 17:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 15فروری 2015ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدنے کہا ہے کہ تھرپارکر میں مسلمانوں سمیت ہندووٴں کی بھی بلا امتیاز خدمت کر رہے ہیں۔ مختلف شہر وں و علاقوں میں ریسکیو سنٹر بنائے جائیں گے جہاں واٹر ریسکیو کی ٹیمیں بھی موجودہوں گی۔ کارکنان ملک کے کونے کونے میں ریلیف سرگرمیاں مزید تیز کریں اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے بھرپور صلاحیتیں استعمال کی جائیں ۔

تھرپارکر، بلوچستان اور دیگر علاقوں میں 2352 واٹر پروجیکٹ مکمل کر چکے۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے پچھلے سال تھرپارکر میں 38ہزار خاندانوں میں ایک ماہ کا خشک راشن تقسیم کیا گیا۔122شہروں میں 177ایمبولینسیں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔وہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے ملک بھر سے آنے والے ضلعی و تحصیلی ذمہ داران کے ایک بڑے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف، جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما مولانا نصر جاوید، مولانا محمد قاسم و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہاکہ جماعةالدعوة کے کارکنان ملک کے کونے کونے میں جاکر دعوتی اور ریلیف سرگرمیوں کو منظم کریں۔ دین اسلام کی دعوت پہنچانے کے ساتھ ساتھ مصائب و مشکلات میں مبتلا بھائیوں کی خدمت کرنا بھی ہم سب پر فرض ہے۔

افسوسناک امریہ کہ اسلام دشمن قوتوں کو ہمارا ریلیف کا کام کرنا بھی برداشت نہیں ہے۔ اس حوالہ سے مغربی میڈیاکے بے بنیاد پروپیگنڈا ‘سے متاثر نہیں ہونا بلکہ اس عمل کو دین اسلام کی خدمت سمجھتے ہوئے سرانجام دینا ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعةالدعوة روز اول سے تھرپارکر میں رفاہی سرگرمیاں سرانجام دے رہی ہے۔ قحط زدہ علاقوں میں ڈسپنسریاں قائم کرکے مزید وسیع پیمانے پر طبی امداد اور مفت ادویات فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اور رفاہی تنظیمیں آگے بڑھ کر متاثرین کی بحالی کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کریں۔ جماعةالدعوةکسی لالچ اور مفادات کے بغیر متاثرین کے درد کو محسوس کرکے رضائے الہی کے حصول کے لیے ریلیف سرگرمیاں سرانجام دے رہی ہے۔فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف نے کہاکہ ایف آئی ایف صرف تھرپارکر میں 175واٹر پروجیکٹ مکمل کر چکی جبکہ بڑی تعداد میں مزید کنویں تعمیر کرنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں پانچ ہسپتال اور 168فری ڈسپنسریاں کام کر رہی ہیں۔اسی طرح تھرپارکر ، بلوچستان اور دیگر دور دراز علاقوں میں فری میڈیکل کیمپنگ کی جارہی ہے۔ گذشتہ ایک برس میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے 19لاکھ سے زائد افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے بتایاکہ تھرپارکر کے جن علاقوں میں بجلی موجود ہے وہاں فلٹریشن پلانٹ لگائے جارہے ہیں۔

مٹھی میں ایف آئی ایف نے پہلا فلٹریشن پلانٹ لگایا ہے جہاں سے روزانہ کی بنیاد پر 24ہزار گیلن پانی صاف ہوتا ہے اور ہزاروں افراد اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن تھرپارکر میں غذائی قلت کے باعث خشک راشن کی تقسیم پر بہت زیادہ توجہ دے رہی ہے۔ پچھلے ایک برس میں 38ہزارخاندانوں میں ایک ماہ کا خشک راشن تقسیم کیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ کپڑے، جوتے، نقد رقوم و دیگر اشیاء ضروریہ بھی تقسیم کی جارہی ہیں۔ پنجاب ، سندھ اور دوسرے صوبوں سے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف پر مشتمل ٹیمیں مسلسل تھرپارکر جاکر اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :