وزیر اعظم نواز شریف امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے (کل) کراچی پہنچیں گے

سانحہ بلدیہ ٹاؤن پر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی جائے گی‘ مقدمہ انسداد دہشت گردی یا فوجی عدالت میں منتقل کرنے پر غور ہوگا

اتوار 15 فروری 2015 17:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 15فروری 2015ء) وزیر اعظم نواز شریف امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے (کل) پیر کو کراچی پہنچیں گے‘ کراچی پہنچنے پر گورنر عشرت العباد‘ وزیراعلیٰ قائم علی شاہ ‘ (ن) لیگی رہنما اور اعلیٰ حکام وزیراعظم کا استقبال کرینگے۔ وزیراعظم کو اعلیٰ سطحی اجلاس میں امن و امان بالخصوص سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے معاملے پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی آئندہ کی حکمت عملی کا تعین کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اس مقدمے کو انسداد دہشت گردی یا فوجی عدالت میں منتقل کرنے پر غور ہوگا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے دو ٹوک الفاظ میں یہ اعلان کیا ہے کہ کراچی کو بے امنی سے پاک کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، اس واقعہ کے جو بھی ذمہ دار ہوں گے ان کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، انصاف کے کٹہرے میں لا کر سخت سے سخت سے سزا دی جائیگی ۔