نیپال میں سارک سربراہ کانفرنس کے دوران نریندر مودی اور نواز شریف کی خفیہ ملاقات کا انکشاف

دونوں رہنماؤں کا ایک دوسرے سے روابط نہ ہونے کی صورت میں اپنی حکومتوں کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال ملاقات میں آگے بڑھنے کے لئے کسی معاہدہ تک پہنچنے کیلئے مزید انتظار پر اتفاق کیا گیا

اتوار 15 فروری 2015 17:06

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 15فروری 2015ء ) بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ دو ماہ قبل نیپال میں سارک سربراہ کانفرنس کے موقع پر پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان 15 منٹ تک خفیہ ملاقات ہوئی تھی جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے روابط نہ ہونے کی صورت میں اپنی حکومتوں کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا‘ اس ملاقات میں آگے بڑھنے کے لئے کسی معاہدہ تک پہنچنے کیلئے مزید انتظار پر اتفاق کیا گیا ۔

اتوار کو بھارتی اخبار دی سنڈے ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق کھٹمنڈو میں سارک سربراہ کانفرنس کے موقع پر27 نومبر کو پاکستانی وزیراعظم نوازشریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان خفیہ ملاقات ہوئی تھی جو 15منٹ تک جاری رہی جس میں دونوں رہنماؤں نے رابطہ نہ رکھنے کی صورت میں اپنی حکومتوں کو درپیش آنے والی مشکلات پر تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

اخبار کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اس وقت ہونے والی خفیہ ملاقات کو میڈیا میں ظاہر نہیں کیا گیاتھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان آگے بڑھنے کے حوالے سے کوئی معاہد ہ نہیں ہوا تاہم دونوں نے مزید کچھ وقت انتظار کرنے پر اتفاق کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں سست روی کی نہ قابل بیان وجہ جموں کشمیر میں جاری انتخابات تھے ۔

اخبار کے مطابق ملاقات میں دونوں جانب کے حکام نے سیاسی حساسیت کے اعتبار سے رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔اگلے روز دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے سارک سربراہ کانفرنس کی اختتامی تقریب میں ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ ملایا جس کی خبریں دونوں ممالک کے میڈیا میں نمایاں طور پر پیش کی گئیں اور اسے دونوں ممالک کے درمیان ایک بڑی پیش رفت قرار دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :