بھارت پاکستان میں بدامنی کا ذمہ دار، پاک فوج کے موقف نے قوم کو متحد کردیا ہے ،مولانا فضل الرحمن

بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے ،سلامتی کونسل کا مستقل رکن اور خطے میں اجارہ داری قائم کرنے کے لیے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کررہاہے انصارالامہ پاکستان کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن خلیل کی معروف مذہبی و روحانی شخصیت پیر عزیزالرحمن ہزاروی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو

اتوار 15 فروری 2015 16:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 15فروری 2015ء) انصارالامہ پاکستان کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاہے کہ سانحہ پشاور میں بھارتی ہاتھ سے ثابت ہوگیاہے کہ بھارت پاکستان میں خانہ جنگی کی سازش اور بدامنی کا ذمہ دارہے ، بھارت کے حوالے پاک فوج کے دوٹوک موقف نے پوری پاکستانی قوم کو متحد کردیا ہے ، بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے ،سلامتی کونسل کا مستقل ممبر بننے اور خطے میں اجارہ داری قائم کرنے کے لیے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہاہے جسے انصار الامہ سمیت ہر محب وطن پاکستانی ناکام بنا دے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمعروف مذہبی و روحانی شخصیت پیرعزیزالرحمن ہزاروی سے خصوصی ملاقات کے موقع پر کیا۔ مولانافضل الرحمن خلیل نے کہاکہ عالمی سامراجی طاقتیں ملکی سالمیت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں اورآئے روز دہشت گردی ،قتل و غارت گری کے واقعات اسی عالمی ایجنڈے کا حصہ ہیں ۔

(جاری ہے)

آرمی پبلک سکول پرحملہ میں بھارتی پشت پناہی اور اس حوالے پاک فوج کا دو ٹوک موقف لائق تحسین ہیں اور اس سے ثابت ہواہے کہ پاکستان میں بدامنی کے پیچھے بھارتی سازش کارفرما ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے سانحہ پشاور کی آڑ میں ملک کے اندرخانہ جنگی کرانے کی مکروہ سازش کی ہے جسے ملکی سلامتی کے ذمہ دار اداروں اورمحب وطن عناصر نے ناکام بنا دیا ہے ۔بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں اور سلامتی کونسل کی رکنیت کے لیے اوبامہ نے بھارت کی حمایت کرکے گنجے کو ناخن دے دیے ہیں جس کا سارا عتاب پاکستان پر نازل کیا جارہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاک فوج کا دوٹوک بیان جرات مندی کی علامت ہے اوراس نے پاکستانی قوم کو متحد کردیا ہے بلاشبہ پاک فوج وفاق اور دفاع پاکستان کی علامت ہے اور وطن کے دفا ع کے لیے قوم کا بچہ بچہ اپنے جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔ مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاکہ اکیسویں ترمیم کے بعد ملک بھر میں دینی مدارس کے خلاف جاری مہم بیرونی عناصر کی چال اور پاکستانیوں کوباہمی دست و گریبان کرنے کی سازش ہے جس پر غور کی ضرورت ہے ، دہشت گردی کی کسی طور حمایت نہیں کی جاسکتی اور ہرقسمی دہشت گردی قابل گرفت ہے تاہم اس کی آڑ میں محب وطن عناصر کو دبانے سے گریز کیا جائے ۔ اس موقع پر پیر عزیز الرحمن ہزاروی نے ملکی سلامتی اور دین اسلام کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔