کرکٹ کی عالمی جنگ، پاک بھارت ’’زور کا جوڑ‘‘ کل پڑے گا

ہفتہ 14 فروری 2015 23:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14فروری۔2015ء) کروڑوں لوگوں کی دھڑکنیں تیز ہونے لگیں، نیندیں اڑ گئیں ۔کرکٹ کی عالمی جنگ کے سب سے بڑے معرکے کا وقت قریب آ گیا ۔ کل ایڈی لیڈ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان "زور کا جوڑ" پڑے گا۔انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، روایتی حریف کرکٹ تڑکہ لگنے کو ہے۔ ایڈیلیڈ اوول میں صبح ساڑھے آٹھ بجے میدان سجے گا یعنی زور کے جوڑ کا بگل بجے گا۔

دونوں نے تیاریاں مکمل کر لیں اور آستینیں بھی چڑھا لیں۔ پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔ دونوں کو اپنے آخری حربے آزمانے ہوں گے۔ کپتان مصباح کو اپنے عرفان پہ مان ہے ۔ احمد شہزاد توقع پر پورا اتریں گے بھارتیوں کے خلاف اچھا آغاز دیں گے۔ شاہد آفریدی کے چھکے سب کو یاد ہیں۔ وہاب ریاض کی پانچ وکٹیں پھر سہانا خواب ہیں۔

(جاری ہے)

عمر اکمل کا بلا چلے گا بھارتیوں کا دل دہلا کے رہے گا۔

ادھر بھارتی بھی جوبن پر ہیں ویرات کوہلی تیار ہیں ۔ شیکھر دھون جلوہ دکھائیں گے ان میں کتنا ہے دم سب دکھائیں گے۔ روہت شرما کا دل بھی دھک دھک کر رہا ہے۔ ایشوین کے دماغ میں پلان چل رہا ہے ۔ پاکستان شائقین کا جنون بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ کہیں میچ سے لمحہ بہ لمحہ لطف اندوز ہونے کیلئے بڑی اسکرینوں کی تنصیب جاری ہے تو کہیں گھروں میں ٹیلی ویژن پر مقابلہ دیکھنے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

ٹیم پاکستان کیلئے دعائیں تو جاری ہیں ہی۔ شاہینوں کی اچھی یا بری کارکردگی پر رد عمل کی ریہرسل بھی کی جا رہی ہے کسی نے چہروں پر سبز ہلالی پرچم پینٹ کرا لئے کسی نے تو بینڈ باجے بھی منگوا لیے۔ ڈھول کی تھاپ اور ملی ترانوں کی گونج بھی ابھی سے سنائی دینے لگی ہے۔ کھیل، کھیل ہی ہوتا ہے لیکن مقابلہ پاکستان اور بھارت کا ہو تو جذباتی جنگ بن جاتا ہے۔ ورلڈ کپ مقابلوں میں ہمیشہ بھارت کے ہاتھوں شکست کا دکھ جھیلنے والے پاکستانی اب کی بار تاریخ بدلنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ٹیم دنیا بھی ان کی دعاؤں میں برابر کی شریک ہے۔

متعلقہ عنوان :