صدر آزادکشمیر نے آزادکشمیر ہائیکورٹ کے پانچ جج صاحبان سے بحیثیت جج شریعت کورٹ آزادکشمیر حلف لے لیا

ہفتہ 14 فروری 2015 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14فروری 2015ء ) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان نے آزاد جموں وکشمیر ہائیکورٹ کے پانچ جج صاحبان سے بحیثیت جج شریعت کورٹ آزاد جموں وکشمیر حلف لے لیا ۔ حلف برداری کی تقریب ہفتہ کی شام کشمیر ہاوٴس صدارتی سیکرٹریٹ میں ہوئی۔ جسکی نظامت کے فرائض سیکرٹری صدارتی امور ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ نے سر انجام دیئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف جسٹس عدالت العالیہ مسٹر جسٹس غلام مصطفے مغل اور صدارتی مشیر عبدالہادی خان بھی موجود تھے ۔ حلف برداری سے قبل ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ قانون نے ہائیکورٹ کے ججوں کی بحیثیت جج شریعت کورٹ تقرری کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا ۔ بحیثیت جج شریعت کورٹ حلف اٹھانے والوں میں جج صاحبان عدالت العالیہ آزاد کشمیر مسٹر جسٹس منیر احمد چوہدری ، مسٹرجسٹس ایم تبسم آفتاب علوی ، مسٹر جسٹس اظہر سلیم بابر ، مسٹر جسٹس سردار عبدالحمید خان اور مسٹر جسٹس جہانداد خان شامل تھے ۔