وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس ، امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ،

پنجاب بھر میں مساجد، امام بارگاہوں ،عبادت گاہوں اور اہم مقامات کی سکیورٹی مزید سخت ، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ایلیٹ پولیس فورس اور سپیشل برانچ کی تنظیم نو کرنے کے جامع پروگرام کی منظوری ، ایلیٹ فورس اور سپیشل برانچ کیلئے جدید تربیت اور ریفریشر کورسز انتہائی ضروری ہیں، شارٹ ،میڈیم اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی جائے، خصوصی میکانزم کے تحت سنگین جرائم کے مقدمات کی تفتیش جلد مکمل کی جائے گی، ایم این اے پرویز ملک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل ، بدلتے حالات میں پولیس کی ذمہ داریوں کی جہتیں بھی بدل چکی ہیں، پولیس کو نئے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ضروری ہے، پولیس کو پہلے بھی وسائل دیئے ہیں، آئندہ بھی دیں گے، شہبازشریف کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 14 فروری 2015 23:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14فروری 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو مساجد، امام بارگاہوں ،عبادت گاہوں اور دیگر اہم مقامات کی سکیورٹی فول پروف بنانے کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں-اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خصوصی میکانزم کے تحت سنگین جرائم کے مقدمات کی تفتیش جلد مکمل کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں ایم این اے پرویز ملک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی سنگین جرائم کے مقدمات کی جلد تفتیش اور مدعیوں کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے جامع لائحہ عمل مرتب کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ خود بھی سنگین جرائم کے مقدمات پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔اجلاس میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ایلیٹ پولیس فورس اور سپیشل برانچ کی تنظیم نو کرنے کے پروگرام کی منظوری دے دی گئی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایلیٹ پولیس فورس اور سپیشل برانچ کی تنظیم نو کے حوالے سے مربوط پروگرام مرتب کیا جائے۔ایلیٹ فورس اور سپیشل برانچ کے اہلکاروں کی استعدادکار میں اضافے کیلئے جدید تربیت اور ریفریشر کورسز کا انعقاد انتہائی ضروری ہے،اس ضمن میں شارٹ ،میڈیم اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی جائے۔ مستقبل میں ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کی توسیع کے حوالے سے بھی ابھی سے تیاری کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ بدلتے حالات میں پولیس کی ذمہ داریوں کی جہتیں بھی بدل چکی ہیں۔ پولیس کو نئے حالات سے تقاضوں کے ہم آہنگ بنانا ضروری ہے۔ پولیس میں سزا اور جزا کا موثر نظام انصاف کی فراہمی میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے لہذا پولیس میں مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیاجائے تاکہ چیک اینڈ بیلنس کو یقینی بنایا جاسکے- انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے جدید تربیت سے آراستہ انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دی ہے جس کا پہلا دستہ پاس آؤٹ کر کے اپنے فرائض سنبھال چکاہے- انسداد دہشت گردی فورس کا کردار قومی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیراعلیٰ نے انسداد دہشت گردی فورس کیلئے سروس سٹرکچر کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بہترین کارپورلز کی فاسٹ ٹریک پروموشن کا فارمولہ بھی وضع کیا جائے تاکہ اس خصوصی فورس کے جوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ انسداد دہشت گردی فورس کیلئے صوبہ بھر میں تھانے قائم کئے جا رہے ہیں۔ محکمہ انسداد دہشت گردی میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی میں پیپرلیس نظام متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کو پہلے بھی وسائل دیئے ہیں، آئندہ بھی دیں گے۔ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کیلئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دے اور تھانوں میں عام آدمی کی شنوائی کے لئے کوئی کسر ا ٹھا نہ رکھی جائے۔ اراکین اسمبلی پرویز ملک، رانا ثناء اللہ، سید زعیم حسین قادری،چیف سیکرٹری، معاون خصوصی رانا مقبول احمد،سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔