الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی جنرل کونسل کا ششماہی اجلاس‘کارکردگی پر اطمینان کا اظہار،

الخدمت نے امانت اور دیانت کے ذریعے خدمت انسانیت کے منفرد کلچر کو پروان چڑھایا‘شبیر احمد خان

ہفتہ 14 فروری 2015 23:26

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14فروری 2015ء ) الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صوبائی جنرل کونسل کا ششماہی اجلاس مرکز اسلامی پشاور میں صوبائی صدر نور الحق کی صدارت میں منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور الخدمت فاوٴنڈیشن کے سابق صوبائی صدر شبیر احمد خان تھے۔اجلاس میں صوبہ بھر سے الخدمت فاوٴنڈیشن کے ضلعی صدور،نائب صدور اور جنرل سیکرٹریز کے علاوہ صوبائی جنرل سیکرٹری شاکر صدیقی،ڈپٹی جنر ل سیکرٹری فضل اللہ داودزئی ،ملک پرویز خان ، قاضی وجاہت محمود،محمد وسیم،نورالواحدجدون ،مجید اللہ اور تحسین اللہ سمیت دیگر ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز ممتاز عالم دین اور جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر مولانا محمد اسماعیل نے درس قرآن سے کیا جنہوں نے قرآنی آیات کی روشنی میں شرکاء کو دیانت اورامانت کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیا۔

(جاری ہے)

نائب امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا حکیم عبدالوحید نے الخدمت فاؤنڈیشن کا ملک بھر میں فلاحی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے اور مشنری جذبے کے تحت خدمت انسانیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاوٴنڈیشن کے صوبائی صدر نور الحق نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے طول وعرض میں الخدمت فاوٴنڈیشن نادار اور بے سہارا افراد کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے لیے امدادی سرگرمیاں روز اول سے جاری ہیں اور متاثرین کی باعزت واپسی اور بحالی تک جاری رہے گی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی شبیر احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاوٴنڈیشن وطن عزیز میں خدمت انسانیت کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں اور زلزلہ ،سیلاب،ملٹری آپریشن اور دیگر سانحات کے مواقع پر الخدمت فاوٴنڈیشن کے بے لوث رضا کاروں نے دیانت اور امانت کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو 7 شعبہ جات ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، کفالت یتامیٰ، تعلیم ، صحت، صاف پانی ،قیدیوں کی فلاحی وبہبود،اور کمیونٹی سروسز کے تحت معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو ریلیف کی فراہم کررہی ہیں۔ اجلاس میں ضلعی صدور نے اضلاع میں الخدمت کی فلاحی سرگرمیوں اور منصوبہ جات کی رپورٹس پیش کئے جس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔