ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اقدامات تسلسل سے جاری رکھے جائیں‘ شہبازشریف،

پرائس کنٹرول کمیٹی وضع کردہ پلان پر موثر عملدرآمد یقینی بنائے، عوام کو ریلیف کی فراہمی میں سستی یا غفلت برداشت نہیں ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب

ہفتہ 14 فروری 2015 23:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14فروری 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے تناظر میں پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں، ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں تاکہ عوام قیمتوں میں کمی کے حقیقی ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

وہ یہاں ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزراء چوہدری محمد شفیق، بلال یاسین، ڈاکٹر فرخ جاوید، چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام نے سول سیکرٹریٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے بعد صوبے میں ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کو ہدایت کی کہ قیمتوں میں کمی کے حوالے سے وضع کردہ پلان پر موثر عملدرآمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک تسلسل کے ساتھ منتقل کئے جاسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی وزیر خوراک پنجاب کے مختلف شہروں کے دورے کرکے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا خود جائزہ لیں اور اس ضمن میں رپورٹ پیش کریں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کی باقاعدہ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ معیار کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ عوام کا مفاد سب سے مقدم ہے اور میں عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی سستی یا غفلت برداشت نہیں کروں گا۔

متعلقہ عنوان :