معصوم لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے دہشت گرد انسانیت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں‘ افتخار حسین،

دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید فعال بنا کر دہشت گردی کی کار روائیوں میں ملوث لوگوں کو فوری طور پر سزائیں دی جائیں

ہفتہ 14 فروری 2015 23:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14فروری 2015ء) ہیومن رائٹس ویلفےئرفورم کے صدر افتخار حسین نے پشاور کے علاقے حیات آباد میں امام بارگاہ میں ہونے والے خودکُش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے دہشت گرد انسانیت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں، دشمن ممالک پاکستان میں فرقہ واریت کی آگ بڑھکا کر پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کر کے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں لہذا دہشت گردی کے ناسور سے نجات حاصل کیے بغیر پاکستان کی ترقی ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ معصوم اور بے گناہ انسانوں کے قاتلوں کے سہولت کا ر یا سر پرست ہیں وہ دہشت گردوں سے بھی بڑے مجرم ہیں لہذا حکومت اور فوج دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کو پکڑ کر عبرت کا نشان بنائیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید فعال بنایا جائے اور دہشت گردی کی کار روائیوں میں ملوث لوگوں کو فوری طور پر سزائیں دی جائیں۔

متعلقہ عنوان :