صوبے کی پائیدار تعمیر وترقی اور عوام کی معاشی خوشحالی کیلئے ہمیں بہت کچھ کرنا باقی ہے ‘کرپشن کے خاتمے، حکومتی مشینری میں شفافیت اور پولیس و دیگر محکموں کی سطح پر عوام کو انصاف اور ریلیف کی فراہمی کے سلسلے میں اقدامات ہماری فوری اور مختصر مدت کی پالیسی کا حصہ ہیں ‘خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 14 فروری 2015 23:21

صوبے کی پائیدار تعمیر وترقی اور عوام کی معاشی خوشحالی کیلئے ہمیں بہت ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14فروری 2015ء ) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ صوبے کی پائیدار تعمیر وترقی اور عوام کی معاشی خوشحالی کیلئے ہمیں بہت کچھ کرنا باقی ہے کرپشن کے خاتمے، حکومتی مشینری میں شفافیت اور پولیس و دیگر محکموں کی سطح پر عوام کو انصاف اور ریلیف کی فراہمی کے سلسلے میں اقدامات ہماری فوری اور مختصر مدت کی پالیسی کا حصہ ہیں جنکے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے اب صوبائی حکومت نے عمران خان کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے وسط اور طویل المدتی حکمت عملی کو عملی جامہ پہناناہے جس کیلئے دن رات محنت کرنا ہوگی انہوں نے کہاکہ صوبے میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ضرورت انکی عوامی فلاح و بہبود کیلئے بہتر استعمال کی ہے انہوں نے یقین دلایا کہ اب صوبے میں ایسی پالیسیاں روبہ عمل لائی جائیں گی جن سے صوبے بھر میں روزگار کے زیادہ مواقع پیداہونگے اور آمدن کے نئے وسیلے بھی نکلیں گے ان سے عوام کی معاشی حالت اور معیار زندگی بہتر ہونے کے قوی امکانات پیدا ہونگے وہ خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں صوبے کی معاشی ترقی سے متعلق کئی گھنٹوں پر محیط اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کی جبکہ اجلاس میں پی ٹی آئی کے رہنما اور ماہر اقتصادیات اسد عمر، شفقت محموداور صوبائی وزراء و انتظامی سیکرٹریوں اور اعلیٰ حکام کے علاوہ صنعتکاروں نے بھی شرکت کی اس موقع پر شرکاء کو صوبے کے دستیاب وسائل، معدنی ذخائر، افرادی قوت اور مجوزہ اقدامات سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا گیا جن پر سیر حاصل بحث ہوئی اور پیش کردہ آراء و سفارشات کی روشنی میں ضروری فیصلے کئے گئے پرویز خٹک نے عمران خان کی طرف سے سیاحت،توانائی اور زراعت پر فوری توجہ اور معدنیات،تیل وگیس اور پن بجلی و شمسی توانائی کے وسائل سے استفادے کیلئے جامع حکمت عملی کی گائیڈلائنز کے جواب میں یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس ضمن میں پہلے سے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے سیاحت میں نجی شعبے کو بھی موثر طور پر شامل کیا گیا ہے جبکہ زراعت اور آبپاشی کے شعبوں کو ہنگامی بنیادوں پر ترقی دی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ معدنی ذخائر سے استفادہ ایک صبرآزما کام ہے تاہم صوبے کے دورافتادہ علاقوں میں پوشیدہ معدنیات کے قیمتی ذخائر سے استفادے کیلئے پالیسی کا اعلان ہو چکا ہے اور اس پر ٹھوس انداز میں عمل درآمد کیا جارہا ہے اسی طرح صوبے کی افرادی قوت کو فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کا سلسلہ بھی جاری ہے پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہمارے پیش نظر ایک بڑا چیلنج ہے جسے ہمارے وزراء اور بیوروکریسی نے خوشدلی سے قبول کیا ہے اور ہم پوری تندہی سے اہداف کے حصول کیلئے کوشاں ہیں محنت شرط ہے اور ہم دن رات محنت کرکے ہر قیمت پر یہ اہداف حاصل کرینگے انہوں نے کہا کہ سستی توانائی اور صنعتی ترقی کیلئے پیشرفت بھی جاری ہے تاہم حالیہ اجلاس کے تناظر میں اسے مزید تیز کیا جائے گا تاکہ فوری نتائج حاصل ہوں انہوں نے کہا کہ کوہستان سمیت صوبے کے کثیر جنگلات والے کئی علاقوں کو نیشنل پارک قرار دینے کیلئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں گے جبکہ جنگلات کی کٹائی کی مکمل روک تھام کے علاوہ اسکے رقبے میں بھی اضافہ کیا جائے گا اسی طرح تعمیرات، مینوفیکچرنگ اور تعمیر وترقی کے دوسرے شعبوں پر بھی پوری توجہ دی جائے گی جبکہ تمام شعبوں میں پیشرفت کا مسلسل جائزہ لینے کیلئے بورڈز اور مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں تاکہ اہداف پر ہماری نظر رہے اور ہم پائید ار ترقی کی منزل کی جانب کامیابی سے گامزن ہوں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں مختلف سیاسی عوامل کے علاوہ امن و امان ، دہشت گردی اور زلزلے اور دیگر قدرتی آفات یہاں کی ترقی میں حائل رہے مگر اب ہمارا پختہ عزم ہے کہ ہم صوبے کی تعمیر وترقی اور عوام کی خوشحالی کی راہ میں کسی بھی رکاوٹ کو آڑے نہیں آنے دینگے انہوں نے اس ضمن میں رہنما ئی اور یقین دہانیوں پر پارٹی سربراہ عمران خان اور دیگر شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔