بھارتی وزیراعظم کے جامع مذاکرات کی بحالی کیلئے کرکٹ ڈپلومیسی کا خیرمقدم کرتے ہیں ، بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی‘ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی‘ ہمیں چیزوں کو مثبت لیتے ہوئے بھارتی سیکرٹری خارجہ کے دورہ پاکستان پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے‘ ورلڈ کپ میں پاک بھارت کرکٹ ٹیموں میں جو اچھا کھیلے گا وہی جیتے گا،

بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط کا بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو

ہفتہ 14 فروری 2015 21:18

بھارتی وزیراعظم کے جامع مذاکرات کی بحالی کیلئے کرکٹ ڈپلومیسی کا خیرمقدم ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14فروری 2015ء) پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے جامع مذاکرات کی بحالی کیلئے کرکٹ ڈپلومیسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی‘ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی‘ ہمیں چیزوں کو مثبت لیتے ہوئے بھارتی سیکرٹری خارجہ کے دورہ پاکستان پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے‘ ورلڈ کپ میں پاک بھارت کرکٹ ٹیموں میں جو اچھا کھیلے گا وہی جیتے گا۔

ہفتہ کو بھارتی ٹی وی چینل سی این این آئی پی این کو دئیے گئے خصوصیانٹرویو میں بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی کرکٹ ڈپلومیسی اور معطل شدہ جامع مذاکرات کی بحالی کیلئے ان کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کیلئے سیکرٹری خارجہ جے شنکر کا مجوزہ دورہ پاکستان ایک درست سمت اقدام ہے اس سے دوطرفہ امور کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں کرکٹ کے علاوہ جامع مذاکرات کے حوالے سے بھی بات کی اور جے شنکر پاکستان سمیت دیگر سارک ممالک کا دورہ کررہے ہیں اور ہم ان کے دورے کے منتظر ہیں اور ان کا خیرمقدم کریں گے۔ ہمیں توقع ہے کہ ان کے دورے سے دوطرفہ مذاکرات کو واپس ان کی بہتری پر لانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اس حوالے سے بھارت کا بھی اپنا موقف ہے تاہم ہمیں بھارتی سیکرٹری خارجہ کے دورہ پاکستان پر توجہ مرکوز رکھنی چاہئے اور یہی اہم ہے اور ہمیں توقع ہے کہ ان کے دورے سے مذاکرات کی بحالی میں پیشرفت ہوگی۔ مذاکرات کی بحالی کیلئے بھارتی وزیراعظم کی جانب سے کرکٹ ڈپلومیسی شروع کرنے کے سوال کے جواب میں عبدالباسط نے کہا کہ ہمیں ہر چیز کو مثبت انداز میں دیکھنا چاہئے اور پاکستان اور بھارت میں بعض چیزوں میں تبدیلی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی کرکٹ ڈپلومیسی کا خیرمقدم کرتے ہیں اور جے شنکر کے دورے کے منتظر ہیں۔ آج ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاک بھارت ٹیموں کے درمیان ٹاکرے کے دوران فتح یا شکست کے حوالے سے سوال کے جواب میں عبدالباسط نے کہا کہ دونوں ٹیموں نے یقیناً اچھی تیاری کررکھی ہوگی اور ہماری دعا ہے کہ جو اچھا کھیلے اسے کو جیتنا چاہئے۔