Live Updates

این اے 122 ، عمران خان نے انگوٹھوں سے ووٹوں کی تصدیق کی درخواست کر دی

ہفتہ 14 فروری 2015 14:22

این اے 122 ، عمران خان نے انگوٹھوں سے ووٹوں کی تصدیق کی درخواست کر دی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14فروری 2015ء) این اے 122کا فیصلہ لٹک گیا ، عمران خان نے تھیلے کھلوانے کے بعد اب انگوٹھوں کے ذریعے ووٹوں کی تصدیق کے لیے درخواست دائر کر دی ۔ ٹربیونل نے سردار ایاز صادق سے جواب طلب کرکے بحث موخر کر دی ۔ سماعت کے موقع پر پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکن پھر آمنے سامنے آ گئے ۔ این اے 122میں دھاندلی کےخلاف وکلا کی حتمی بحث آج ہونی تھی اور پھر آئندہ سماعت پر فیصلہ ۔

لیکن عمران خان کی ایک اور درخواست آڑے آنے سے کیس پر حتمی بحث موخر کر دی گئی ۔ جی ہاں عمران خان نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ این اے 122 کے ووٹوں کی تصدیق نادرا سے کروائی جائے کیونکہ ووٹوں کی گنتی تو ہو چکی ہے لیکن انگوٹھوں کی نشانات کے ذریعے تصدیق نہ ہونے سے حقائق سامنے نہیں آ رہے ، لہذا ووٹوں کی انگوٹھوں کی نشانات کے ذریعے تصدیق کا حکم دیا جائے ۔

(جاری ہے)

سردار ایاز صادق کے وکیل نے عمران خان کی درخواست کو تاخیری حربے قرار دیا اور کہا کہ عمران خان کیس کا فیصلہ نہیں کروانا چاہتے ۔ ٹربیونل نے عمران خان کی درخواست سماعت کے لیے منظور کر کے سردار ایاز صادق کو نوٹس جاری کر دیا اور 21 فروری کو جواب طلب کرلیا ۔ سماعت کے موقع پر پی ٹی آئی اور لیگی کارکن پھر آمنے سامنے ہوگئے اور شدید نعرے بازی کرتے رہے ۔

دوسری جانب ٹربیونل کے جج نے سکیورٹی فراہم نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کی عمارت سماعت کے لیے موزوں نہیں لہذا عدالت کو کسی ایسی جگہ منتقل کیا جائے جہاں پارکنگ اور سکیورٹی کا مکمل انتظام ہو ۔ اس کے علاوہ ٹربیونل نے این اے 125 کا ریکارڈ گم کرنے پر ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا اور سماعت 25 فروری تک ملتوی کر دی گئی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :