وزیر اعلیٰ پنجاب نے زیر تعمیر اوور ہیڈ بریج کے قریب ڈکیتی کی واردات کا نوٹس لے لیا،آئی جی سے رپورٹ طلب

جمعہ 13 فروری 2015 23:49

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء) جی ٹی روڈ پر ضلع قصور کی حدود میں زیر تعمیر اوور ہیڈ بریج کے قریب ہونے والی ڈکیتی کی واردات کا وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا۔آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب۔اوور ہیڈ بریج کو جلدی تعمیر کرنے کا حکم۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام ضلع اوکاڑہ کی حدود سے ایک کلو میٹر کے فاصلے پر ضلع قصور کے قصبہ حبیب آباد کے قریب حکومت دوسرا اوور ہیڈ بریج تعمیر کر رہی ہے۔

لاہور سے اوکاڑہ آنے والی ٹریفک کو زیر تعمیر اوور ہیڈ بریج کے قریب رک کر آگے جانا پڑتا ہے گزشتہ روز شام ساڑھے سات بجے کے قریب ہی 12مسلح ڈاکووٴں نے لاہور سے اوکاڑہ آنے والی کاروں کو گن پوائنٹ پر روکا۔اور اس میں سوار مردو خواتین کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے بھاری مالیت کی نقدی اور طلائی زیورات لوٹ لئے لٹنے والوں میں اوکاڑہ کے سینئر صحافی اوراوکاڑہ پریس کلب کے چیئر مین منیر چودھری بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ ڈاکووٴں نے اندھا دھند فائرنگ بھی کی۔ معلوم ہوا ہے کہ جی ٹی روڈ پر اتنی بڑی ڈکیتی کی واردات کا وزیر اعلیٰ پنجاب نے سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب اور ڈی پی او قصور سے رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ نے حکم دیا کہ زیر تعمیر اوور ہیڈ بریج کو جلدی مکمل کیا جائے۔اور اسکی تکمیل تک یہاں پر پولیس کی مستقل ڈیوٹی لگائی جائے تاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :