افغان مہاجرین کی موجودگی میں مردم شماری بلوچوں کیخلاف سازش ہے ، اقتدار کی بجائے بلوچوں کے حقوق زیادہ عزیز ہیں، افغان مہاجرین کی موجودگی میں مردم شماری ہرگزقبول نہیں، موجودہ حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات ہیں،

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اختر مینگل کی پارٹی وفد سے ملاقات میں بات چیت

جمعہ 13 فروری 2015 23:43

کراچی /دالبندین ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اختر مینگل نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی موجودگی میں بلوچستان میں مردم شماری بلوچوں کے خلاف سازش ہے ، ہمیں اقتدار کی بجائے بلوچوں کے حقوق زیادہ عزیز ہیں ۔ وہ بی این پی ضلع چاغی کے رہنماء میر محمد ہاشم نوتیزئیکی قیادت میں ملنے والے پارٹی وفد سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے ۔

اس موقع پر سابق ضلعی صدر میر محمد غوث بلوچ ، ملک عطاء اللہ نوتیزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ سردار اختر مینگل نے کہا کہ لاکھوں افغان مہاجرین کی موجودگی میں ہونیوالی مردم شماری ہرگزقبول نہیں بلکہ ایسی مردم شماری بلوچ قوم کے خلاف ایک گہری سازش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چالیس لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کرسکتے ۔

(جاری ہے)

یہ کہاں کا قانون ہے کہ مہاجرین کو اس ملک کی شہریت ، پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات کے ساتھ ساتھ ان کے نام ووٹر لسٹوں میں بھی شامل کیے جارہے ہیں ۔ یہ بالکل ساازش ہے ، افغان مہاجرین کی وطن واپسی کیلئے اقدامات کیے جائیں انہو ں نے کہا کہ بی این پی کو موجودہ حلقہ بندیوں پر بھی شدید تحفظات ہیں کیونکہ حلقہ بندیوں میں بھی بنیادی حقوق کو پامال کرکے من پسند اقدامات کیے گئے تھے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ متعدد بار انتخابات کے دوران افغان مہاجرین نے اپنے اپنے ووٹ کاسٹ کرلئے ،رزلٹ لوگوں کے سامنے ہے مگر بی این پی ایسے بلوچ دشمن سازشوں پر ہرگز خاموش نہیں بیٹھے گی بلکہ بلوچ عوام کے خلاف ہونیوالی ہر سازش کا ڈٹ کا مقابلہ کرے گی ۔ جلد ہی کوئٹہ آکر مختلف علاقوں کا تنظیمی دورہ بھی کیا جائے گا ۔ بلوچ عوام کی خدمت اور حقوق کیلئے جدوجہد سب سے زیادہ عزیز ہے ۔

بلوچ عوام کی بی این پی سے سیاسی وابستگی نظر یاتی اور اصولی جدوجہد کا مظہر ہے ۔ قبائلی تنازعات کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے کیونکہ قبائلی تنازعات نے بلوچ عوام کا بہت بڑا نقصان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار ہرگز منزل نہیں ، اتحاد و اتفاق وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ، بلوچ عوام میں سیاسی شعور کی بیداری کیلئے جدوجہد کررہے ہیں ۔ شہداء کی قربانیاں ہرگز فراموش نہیں رہیں گی ۔ علاوہ ازیں بی این پی کے رہنماء میر محمد ہاشم نوتیزی نے پارٹی قائد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی قیادت بلوچ عوام کے لئے وقت کی ضرورت بن چکی ہے