Live Updates

پشاور :عمران خان نے ”صحت کا اتحاد“ مہم کا افتتاح کر دیا،

مہم کے دوران کمسن بچوں کو موذی اور مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر قطرے پلائے جائیں گے ،قبائلی علاقوں میں شروع کی جانے والی مہم میں یونیسف ، پاکستان آرمی اور وفاقی حکومت کا تعاون حاصل ہے،بائیس لاکھ آئی ڈی پیز میں ساڑھے تین لاکھ بچے ہیں جن کو صحت کی سہولیات میسر نہیں ہیں ، پروگرام اس لئے شروع کیا تاکہ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں،عمران خان

جمعہ 13 فروری 2015 23:43

پشاور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء ) پاکستان تحریک انصاف نے پشاور اور قبائلی علاقوں میں ”صحت کا اتحاد “ کے نام سے مہم کا آغاز کر دیا ہے ، مہم کے دوران کمسن بچوں کو موذی اور مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر قطرے پلائے جائیں گے ، مہم کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ہم قبائلی علاقوں میں وفاقی حکومت کے تعاون سے پروگرام لانچ کر رہے ہیں ، ہمیں اس مہم میں پاکستان آرمی کا تعاون حاصل ہے جو مہم کے دوران پولیو ورکرز کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے ، عمران خان نے کہا کہ ہم نے پچھلے سال خیبر پختونخوا میں ”صحت کا پروگرام “ شروع کیا جو دنیا بھر میں مقبول ہوا ، لیکن بدقسمتی سے قبائلی علاقوں سے سرحد ملنے کی وجہ سے ہمیں اس علاقہ میں کام کرنے کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہوا ، اس کے علاوہ افغانستان سے آنے والے مہاجرین کی وجہ سے قبائلی علاقوں میں پولیو کیسز میں اضافہ ہوا ، اگر اس مسئلے کا ہنگامی بنیادوں پر حل تلاش نہ کیا تو یہ لوگ یہاں سے باہر نہیں جا سکیں گے اور انہیں بیرون ملک روزگار کی خاطر سفر کیلئے ٹیکے لگوانے پڑیں گے ، ہم اس علاقے کیلئے یہ اہم پروگرام شروع کر رہے ہیں ، عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی ، وزیرستان سے اس مرض کے وائرس پاکستان آرہے ہیں ، یونیسیف ، بل گیٹس فاؤنڈیشن اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ساتھ یو اے ای کی حکومت بھی اس مہم میں مکمل تعاون کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ میں نے اپنی جماعت کے ایم پی اے اور ایم این ایز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ، انہوں نے کہا کہ اس وقت بائیس لاکھ آئی ڈی پیز میں ساڑھے تین لاکھ بچے ہیں جن کو صحت کی سہولیات میسر نہیں ہیں ، اس لئے یہ پروگرام شروع کیا گیا تاکہ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں ، ہم باہمی اختلا فا ت بھلا کر اس مہم میں وفا قی حکو مت کے سا تھ اکھٹے ہو ئے ہیں

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات