کالاباغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق صوبوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے بنائی جانیوالی پنجاب اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس فی الفور بلایا جائے،ڈیم کی تعمیر سے نہ صرف بجلی بنے گی بلکہ آبپاشی کی ضروریات بھی پوری ہو سکیں گی اور مستقبل میں بھی پانی کے بحران سے نمٹا جا سکے گا،قائمقام سپیکر سردار شیر علی گورچانی نے کمیٹی کا اجلاس جلد بلانے کی یقین دہانی کروا دی،

پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر کی اجلاس کے دوران نکتہ اعتراض پر گفتگو

جمعہ 13 فروری 2015 23:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء ) پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے قائمقام سپیکر سردار شیر علی گورچانی سے مطالبہ کیا ہے کہ کالاباغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق صوبوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے بنائی جانے والی پنجاب اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس فی الفور بلایا جائے- پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران نکتہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل جب انہوں نے ایوان میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر زور دیا اس موقع پر دیگر صوبوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے سپیکر رانا محمد اقبال نے ایوان کی ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں صوبائی وزیر زراعت ، صوبائی وزیر آبپاشی اور مجھے شامل کیا گیا تھا- انہوں نے کہا کہ طے ہوا تھا کہ مذکورہ کمیٹی صوبہ خیبر پختونخواہ، صوبہ سندھ اور صوبہ بلوچستان کے دورے کر کے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کرے گی جبکہ اس وقت تحریک انصاف کے رہنما و قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید بھی ایوان میں موجود تھے اور انہوں نے بھی اس حوالے سے مکمل تعاون کا یقین دلایا تھا-سید وسیم اختر نے کہا کہ ابھی تک اس کمیٹی کا کوئی اجلاس نہیں ہو سکا- انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے تحفظات دور کرنے کے لئے اسے میانوالی کے ریزروائر کی رائلٹی اس صوبہ کو دینے کی بھی تجویز دی تھی- انہوں نے کہا کہ خود وفاقی وزیر پانی و بجلی نے کہا ہے کہ آئندہ پاکستان کو بجلی کے بعد پانی کی قلت کا بھی سامنا ہو سکتا ہے - انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے نہ صرف بجلی بنے گی بلکہ پانی ہماری زراعت و آبپاشی کی ضروریات کو بھی پورا کرے گا - انہوں نے قائمقام سپیکر سے کہا کہ وہ اس کمیٹی کا اجلاس بلائیں تا کہ وہ اپنا کام شروع کر سکے- قائمقام سپیکر سردار شیر علی گورچانی نے ڈاکٹر سید وسیم اختر کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ وہ کمیٹی کا بہت جلد اجلاس طلب کریں گے-