پاکستان ایسو سی ایشن آف یو گنڈاکے چیئر مین شیخ رشید احمد کی جانب سے 25مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی دوسر ی سالا نہ تقریب منعقد ، 3 ہزار سے زائد مہمانوں مدعو

جمعہ 13 فروری 2015 23:36

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء) پاکستان ایسو سی ایشن آف یو گنڈاکے چیئر مین شیخ رشید احمد کی جانب سے 25مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی دوسر ی سالا نہ تقریب منعقد ہوئی، تقریب میں تین ہزار سے زائد مہمانوں کو مدعوکیا گیا تھا۔پنڈال میں آنے والی باراتوں کا بینڈ باجے سے خوب استقبال کیا گیا۔شادی کی خوشی میں تو دولہے اسٹیج پر چڑھ کر خوب ناچتے رہے۔

اس موقع پر دولہے اور دولہنوں کی کہنا تھا کہ آج شادی کے موقع پر انہیں بہت زیادہ خوشی ہو رہی ہے کیونکہ وہ آج اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں جبکہ ان کے والدین نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اجتماعی شادیوں کا انعقاد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔بیوٹیشن کی مقامی تنظیم نے دولہنوں کو بڑی خوبصورتی سے تیار کیا ،عروسی جوڑے پہنے اور ہاتھوں پر مہندی لگائے دلہنیں بھی بہت خوش دکھائی دیں۔

(جاری ہے)

لاہور اور فیصل آباد سے معروف گلو کار ،فنکار اور بینڈ باجے کی خصوصی ٹیمیوں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریب میں خوب رنگ بکھیرے ۔تمام دلہنوں کو ایک ایک لاکھ روپے مالیت کا جہیز جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے موٹر سائیکل،فریج،ٹی وی،موبائل فون سمیت دیگر قیمتی اشیاء بھی دی گئیں ۔پاکستان ایسوسی ایشن آف یوگنڈہ کے چیئر مین شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اجتماعی شادیوں کی اس دوسری تقریب میں 25جوڑوں کی شادیاں کی گئی ہیں جبکہ گذشتہ سال بھی 30مستحق جوڑوں کی شادیاں کی گئیں تھیں اور آئندہ سال بھی اس سے دوگنی اجتماعی شادیاں کی جائیں گی۔

اجتماعی شادیوں کی اس تقریب میں والدین اور عزیز و اقارب دلہوں اور دلہنوں کو گلے ملتے اور خوب پیار کرتے رہے۔موہڑہ شریف کے سجادہ نشین پیر مجتبیٰ فاروق گل بادشا ہ نے اجتماعی دعا کروئی اور تمام جوڑوں کو سلامی بھی دی۔شادی کی تقریب میں پی ٹی آئی کی رُکن صوبائی اسمبلی شنیلا روت ،پی ٹی آئی کے ضلعی صدر ، سیکرٹری بار چودھری امان اللہ سندھو ایڈووکیٹ،سابق وفاقی وزیر چودھری لیاقت عباس بھٹی، سابق رُکن قومی اسمبلی چودھری مہدی حسن بھٹی، سابق صوبائی وزیر چودھری شوکت علی بھٹی، سابق ضلع ناظم چوودھری مبشر عباس بھٹی، چیئرمین پریس کلب رانا محمد سعید، انٹر نیشنل پروموٹر محمد افضل بٹ سمیت ضلع بھر کی سیاسی، سماجی شخصیات اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :