ٹمبر مارکیٹ کا سانحہ قدرت کی طرف سے تھا یا کسی انسان کی شرارت کا نتیجہ ابھی تک اس کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے، الطاف حسین ،

پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران جس جوش وجذبے کا مظاہرہ کیا ہے ،پوری قوم کو اس پر فخر ہے، سانحہ ٹمبر مارکیٹ کے بعد ہمیشہ کی طرح زمین پر موجود ایک فرشتہ متاثرین کی امداد کے لئے نمودار ہوا اور اس فرشتے کا نام ملک ریاض ہے

جمعہ 13 فروری 2015 23:23

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران جس جوش وجذبے کا مظاہرہ کیا ہے اور وطن عزیز کے لئے گراں قدر قربانیاں دی ہیں، پوری قوم کو اس پر فخر ہے۔ انہوں نے مسلح افواج سے کہا کہ وہ اپنے آپریشن کو آخری دہشت گردی کے خاتمے تک جاری رکھیں۔

پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ وہ جمعہ کو گورنر ہاؤس میں متاثرین ٹمبر مارکیٹ کو امدادی رقوم کے چیک دینے کی تقریب کے موقع پر لندن سے ٹیلی فونک خطاب کررہے تھے۔ الطاف حسین نے کہا کہ وہ ٹمبر مارکیٹ کے متاثرین کے حوصلے اور ہمت کی داد دیں گے، جنہوں نے اتنے بڑے نقصانات کا مقابلہ ہمت کے ساتھ کیا۔ الطاف حسین نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ کا سانحہ قدرت کی طرف سے تھا یا کسی انسان کی شرارت کا نتیجہ ابھی تک اس کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ کو چاہئے کہ وہ حقائق کا پتہ لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے کے بعد ہمیشہ کی طرح زمین پر موجود ایک فرشتہ متاثرین کی امداد کے لئے نمودار ہوا اور اس فرشتے کا نام ملک ریاض ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی مجھے اختیار دے دے تو میں ملک ریاض کو وزیراعظم کی کرسی پر بٹھادوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک ریاض نے فلاحی کاموں کے لئے جس فراخدلی کے ساتھ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے ۔

میں ان کی درازی عمر اور صحت کے لئے دعا گو ہوں اور اللہ تعالیٰ یقینا انہیں اجر عظیم عطا کرے گا۔ الطاف حسین نے کہا کہ کراچی میں اکثر وبیشتر آتشزدگی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں لیکن ہماری فائر بریگیڈ کا عملہ جنگ پلاسی کے زمانے کے آگ بجھانے والے آلات استعمال کررہا ہے۔ محکمہ فائر بریگیڈ کو جدید آلات، تربیت یافتہ عملے، تربیت، اچھی تنخواہوں اور مراعات کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فائر بریگیڈ بہت اہم محکمہ ہے جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دوسروں کی جان بچاتا ہے۔ حکومت اور تاجر برادری کو چاہئے کہ وہ فائر بریگیڈ کو جدید فائر ٹینڈر اور بلند عمارتوں میں لگنے والی آگ کو بجھانے میں استعمال ہونے والی اسنارکل کے حصول میں محکمہ فائر بریگیڈ کی مدد کریں۔ الطاف حسین نے ممتاز صنعت کار سراج قاسم تیلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج معمولی سا جادو دکھائیں تو 6 فائر بریگیڈ کی گاڑیاں حاضر ہوسکتی ہیں۔

اس موقع پر ملک ریاض نے محکمہ فائر بریگیڈ کو 6 فائر ٹینڈر دینے کا اعلان کیا۔ ایم کیو ایم کے قائد نے اپنی طویل جلاوطنی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک طویل عرصے سے جلا وطن ہوں۔ خود بھی دعا کرتا ہوں اور آپ لوگوں سے بھی کہتا ہوں کہ دعا کریں کہ ایسا حالات پیدا ہوں کہ میں اپنے وطن واپس لوٹ سکوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے یونٹ اور سیکٹر کے ساتھیوں کو جنہوں نے ٹمبر مارکیٹ کے سانحے کے موقع پر دن اور رات محنت کی اور متاثرین کی امداد میں مصروف رہے، ان کو شاباش کے طور پر ایک پپی دیتا ہوں۔

الطاف حسین نے کہا کہ آج یہ بھی دعا کی جائے کہ اللہ تعالیٰ ہماری قوم کے درمیان پیار اور محبت کا ایسا جذبہ پیدا کردے کہ لوگ ایک دوسرے کی جان لینے کے بجائے ایک دوسرے کی جان بچانا شروع کردیں۔ ایم کیو ایم کے قائد نے ملک ریاض کو متحدہ کے زیر اہتمام چلنے والے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے دورے کی بھی دعوت دی جو ملک ریاض نے قبول کرلی۔