ہم ماضی میں اپنی بوئی فصل کوآج کاٹ رہے ہیں، احسن اقبال،

پڑوسی ممالک سے بہترتعلقات چاہتے ہیں ،خطے میں امن کاقیام ہمارے مفادمیں ہے

جمعہ 13 فروری 2015 23:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء) وفاقی وزیرترقی وبہبودآبادی احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف آج مکمل یکسوئی ہے ،ہم ماضی میں اپنی بوئی فصل کوآج کاٹ رہے ہیں ،ہمیں اس سوچ کی بیخ کنی کرنی ہے ،پڑوسی ممالک سے بہترتعلقات چاہتے ہیں ،خطے میں امن کاقیام ہمارے مفادمیں ہے ۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ آج پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف مکمل یکسوئی ہے ،کاش دہشتگردی کے خلاف یکسوئی پہلے پیداہوتی توآج یہ مسئلہ حل ہوچکاہوتا۔

انہوں نے کہاکہ آج جوہورہاہے وہ ہماری ماضی کی غلطیوں کانتیجہ ہے اورہم ماضی کی اپنی ہی بوئی ہوئی فصل کوآج کاٹ رہے ہیں آج مذہب اورمسلک کے نام پرلوگوں کے گلے کاٹے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

مساجداورامام بارگاہوں پرحملے ہورہے ہیں ،ہمیں اس سوچ کی بیخ کنی کرنی ہے ،اوراپنے گھرکے اندرفالٹ لائنزکوہمیں ختم کرناہے ۔انہوں نے کہاکہ اسلام کے نام پرحملے کرنے والے دین کے دوست نہیں اورنہ ہی یہ ملک کے دوست ہیں ہم مسلمان تعلیم میں پیچھے رہ کردنیامیں رسواہورہے ہیں ۔

ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پرکچھ صوبے تیزی سے عمل کررہے ہیں اورباقی صوبوں میں اس پرعمل کرایاجارہاہے ،نفرت آمیزموادکوتیزی سے قبضہ میں لیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں لیکن یہ امن ہمیں بھیک میں نہیں چاہئے ،ہم پڑوسی ممالک سے بہترتعلقات کے خواہش مندہیں ،افغانستان سے ہمارے تعلقات میں بہتری آرہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اگرترقی کے راستے پرچلناہے توامن کاقیام ضروری ہے ۔

متعلقہ عنوان :