پشاور، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا جمعہ کی شام حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ ،

امامیہ مسجد خود کش دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کی

جمعہ 13 فروری 2015 23:07

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے جمعہ کی شام حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کرکے امامیہ مسجد خود کش دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کی نیز انہیں اور انکے اہل خاندان کو حوصلہ اور تسلی دی سینئر صوبائی وزیر برائے صحت شہرام خان ترکئی، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات میاں خلیق الرحمن خٹک اور دیگر ارکان اسمبلی بھی انکے ہمراہ تھے ہسپتال کے چیف ایگزیکٹیو اور ایم ایس نے اس موقع پر انہیں بتایا کہ سانحے کے فوراً بعد ہسپتال میں 59 زخمی اور 20 لاشیں لائی گئیں زخمیوں کی مکمل نگہداشت کی جارہی ہے جن میں 10 کی حالت تشویشناک اور وہ مختلف وارڈوں میں ہیں جبکہ خیبرٹیچنگ ہسپتال میں 9 زخمی پہنچائے گئے جن میں 7 کو ضروری مرہم پٹی کے بعد فارغ کیا گیا البتہ دو زیر علاج ہیں جن میں ایک سیریس ہے اسی طرح لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں تین زخمی لائے گئے جن میں دو کو علاج کے بعد فارغ کیا گیا البتہ ایک شدید مریض زیر علاج ہے پرویز خٹک نے کہا کہ قوم حالت جنگ میں ہے مگر ہم سب دہشت گردی کیخلاف متحد اور وفاق و صوبائی حکومتیں ایک پیج پر ہیں انہوں نے کہا کہ شہید پیکج کے تحت معاوضے کی معمولی رقم قیمتی انسانی جان کا نعم البدل نہیں مگر یہ حکومت اور عوام کی جانب سے انکے دکھ میں شرکت کی کوشش ہے انہوں نے کہا کہ صوبے کی چند ہزار پولیس دہشت گردی اور بدامنی کی عفریت کے مقابلے میں کم ہے مگر ہم نے قومی جذبے سے حالات کا مقابلہ کرنا ہے اور انشاء الله کامیابی سے ہمکنار ہونگے دہشت گرد ناکام اور قوم سرخرو ہوگی البتہ ہم نے اپنے انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کا پاس رکھنا ہے زندہ قوم کو پوری دنیا ملکر بھی شکست نہیں دے سکتی۔