کراچی، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی پشاور کی امامیہ مسجد امام بارگاہ میں خودکش بم دھماکے میں 20شہید اور 50سے زائدزخمی ہونے کی شدید مذمت

جمعہ 13 فروری 2015 23:04

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پشاور کی امامیہ مسجد امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش بم دھماکے جس کے نتیجے میں 20سے زائد افراد شہید ہوگئے اور 50سے زائدزخمی ہوئے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کاروائیاں عوام کو مرعوب یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ارادو ں کو پست نہیں کر سکتے جوکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم اپنے تمام اداروں کے ساتھ ایک ہی صف میں تمام دہشتگردوں کے خلاف بلاامتیازجنگ کرنے پر متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی سپورٹ حاصل ہے اور وہ اپنی طاقت سے سماج دشمن اور مذہب دشمن عناصر کا خاتمہ کرلیں گے۔

(جاری ہے)

امامیہ مسجد امام بارگاہ میں جمع کی نماز کے دوران شہادت پانے والوں کے ورثاء سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے شہداء کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آئی جی سندھ پولیس اور ڈی جی رینجرز کو ہدایات دیں کہ وہ تمام مذہبی عبادت گاہوں اور اہم تنصیبات باالخصوص حساس مقامات پر سیکورٹی کو سخت کرتے ہوئے پولیس کے گشت میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے حساس اداروں کو بھی کڑی نگرانی کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اپنی معلومات کا تبادلہ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ دہشتگردوں کے عزائم کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔