دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم بہادر پاک افواج اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہے ،سردار مہتاب احمد خان،

آپریشن خیبر ون اور آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کو تباہ کر دیا ہے اور انکی صلاحیتیں ختم ہو گئی ہیں، اب وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر معصوم بچوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ،گورنر خیبر پختونخوا

جمعہ 13 فروری 2015 22:56

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء) گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر پاک افواج اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کامیابی سے جاری آپریشن خیبر ون اور آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کو تباہ کر دیا ہے اور انکی صلاحیتیں ختم ہو گئی ہیں۔ اب وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر معصوم بچوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن پوری قوم دہشت گردوں کے ان ناپاک ارادوں کو ناکام بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم اور متحد ہے اورایک ایک دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

۔ گورنرنے کہاکہ افواج پاکستان اورپوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں متحد ہے اور عبادت گاہوں اور معصوم بچوں پر حملے کرنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی۔

(جاری ہے)

گورنر کا امامیہ مسجد حیات آباد پشاور اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کا دورہ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارمیڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے جمعہ کے روز وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ کے ہمراہ دہشت گردی کا نشانہ بننے والی امامیہ مسجد حیات آباد پشاور کا دورہ کیااورالمناک سانحہ کے مقام اور مسجد کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر گورنرنے کہاکہ نہتے شہریوں کی جانیں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان وحشی درندوں اور دہشت گردوں کے ناپاک ارادوں کے خلاف پوری قوم متحد ہے ۔بعد ازاں گورنرسردارمہتاب احمدخان نے وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کے ہمراہ المناک سانحہ مسجد امامیہ حیات آباد پشاور کے زخمیوں کی عیادت اوراحوال پرسی کیلئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور غمزدہ خاندانوں سے اظہارافسوس کیا۔

اس موقع پر گورنر نے مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے مسجد امامیہ حیات آباد پر دہشت گرد حملے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آپ کے اس دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہے۔ انھوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر ان دہشت گردوں کو صفایا کرے۔ اس موقع پرمحکمہ صحت کے اعلی حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

گورنرنے زخمیوں کے وارڈز میں جا کر زخمیوں سے ملاقات کی اورمحکمہ صحت کے حکام کو ان کی بہترین نگہداشت کی ہدایت کی۔ اس موقع پرگورنر سردار مہتاب احمدخان نے امامیہ مسجدحیات آباد پشاورمیں بم دھماکے کی شدید مذمت کی ۔انہوں نے قیمتی جانی نقصان پردلی دکھ اور افسوس کا اظہاربھی کیا۔ انھوں نے کہا اس انتہائی انسانیت سوز اورظالمانہ اقدام میں ملوث عناصر کوقانون کے گرفت میں لاکر قرارواقعی سزا دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھانہیں رکھی جائے گی۔

انہوں نے دہشت گردحملے میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ بھی گہری ہمدردی ظاہرکی اورجاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کو یہ ناقابل تلافی نقصان صبروحوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق کیلئے دعاکی جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔گورنر نے شہیداء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہدا کاخون رائیگاں نہیں جائیگا اور پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابرشریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے لوگوں پردہشت گرد حملہ نہایت افسوسناک ہے۔

متعلقہ عنوان :