کراچی میں آرمی آپریشن کی حمایت متحدہ قومی موومنٹ نے کی تھی تاہم رینجرز بھی آرمی کا ادارہ ہے،نثار احمد کھوڑو ،

آرمی کے افسران ہی یہاں ڈیپوٹیشن پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں،اگر ان کی طرف سے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کو گرفتار کیا جاتا ہے تو کسی کو شکایت نہیں ہونی چاہیے،صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 12 فروری 2015 23:43

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2015ء) سندھ کے سینئروزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ کراچی میں آرمی آپریشن کی حمایت متحدہ قومی موومنٹ نے کی تھی تاہم رینجرز بھی آرمی کا ادارہ ہے اور آرمی کے افسران ہی یہاں ڈیپوٹیشن پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور اگر ان کی طرف سے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کو گرفتار کیا جاتا ہے تو کسی کو شکایت نہیں ہونی چاہیے ۔

وہ گزشتہ شام روسی قونصل خانے میں ڈپلومیٹ ڈے پر دئے گئے استقبالیہ میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ، تقریب کے مہمان خصوصی اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی تھے جبکہ صوبائی وزیر برائے وومن ڈیویلپمنٹ روبینہ قائم خانی ودیگر ممالک کے سفارتکار اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد میں شریک تھیں۔ نثار احمد کھوڑو نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی میں آرمی اور رینجرز کے افسران شریک ہیں ان کی طرف سے جاری کردہ تحقیقاتی رپورٹ پر ہمیں یاکسی اورکو اعتراض نہیں ہونا چاہیے اور ان کو اختیارات وفاق نے صوبائی حکومت کے ذریعے دیئے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے کبھی بھی تنہا حکومت کرنے کا نہیں سوچا اور ہم نے ہر وقت مفاہمتی عمل جاری رکھا۔

(جاری ہے)

پی پی پی کے دروازے پہلے کبھی بند ہوئے اور نہ آئندہ ہونگے اور ہم تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں ، قبل ازیں روسی قونصل جنرل اولیگ اودیو نے پاک روس تعلقات پر روشنی ڈالی۔