پیپلز پارٹی مفاہمت کی سیاست پر عمل کر رہی ہے،ڈاکٹر زولفقار مرزا کیخلاف ایک بات بھی نہیں بولوں گا،سید قائم علی شاہ،

ایم کیو ایم سے سینیٹ انتخابات کیلئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگئی ہے ،حکومت میں شمولیت کیلئے بات چیت جاری ہے،میڈیا سے بات چیت

جمعرات 12 فروری 2015 23:42

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی مفاہمت کی سیاست پر عمل کر رہی ہے،ڈاکٹر زولفقار مرزا کے خلاف ایک بات بھی نہیں بولوں گا ،متحدہ قومی موومنٹ سے سینیٹ انتخابات کے لئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگئی ہے حکومت میں شمولیت کے لئے بھی بات چیت جاری ہے ۔وہ جمعرات کو الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر میں پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے کاغذات نامزدگی جمع کر انے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری مفاہمتی پالیسی پر کام کر رہے ہیں اور مفاہمتی پالیسی کو سامنے رکھتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ سمیت دیگر جماعتوں سے بات چیت جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ سے سینیٹ انتخاب کے حوالے سے فارمولے پر غور کیا گیا ہے جس کے مطابق 7نشستیں پاکستان پیپلز پارٹی کو ملیں اور4متحدہ قومی موومنٹ کے حصے میں آئیں ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مسلم لیگ(فنکشنل) بھی ماضی میں ہمارے اتحادی رہے ہیں ان سے بھی سینیٹ انتخاب کے حوالے سے بات چیت جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ سے سندھ حکومت میں شمولیت کے لئے دونوں جماعتوں کی کمیٹیوں کے اجلاس بھی شروع ہوچکے ہیں اور امید ہے کہ جلد متحدہ قو می موومنٹ حکومت میں شامل ہوجائے۔ڈاکٹر زوالفقار مرزا کے بیانات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کے بیانات سے متعلق ایک لفظ بھی نہیں کہوں گا ۔